ٹکر کپوارہ میں خواتین سڑکوں پر

پانی کی عدم دستیابی کے خلاف کی نعر ہ بازی، گھنٹوں ٹریفک مسدود

تاریخ    24 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


اشرف چراغ
کپوارہ// ٹکر کپوارہ میں خواتین نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کو لیکر احتجاج کیا، جس کے دوران کپوارہ کرالہ پورہ سڑک پر گا ڑیو ں کی آمد و رفت کئی گھنٹوں تک مسدود ہو کر رہ گئی ۔ ٹکر علاقے میں پہلے ہی پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، تاہم جمعہ کی صبح چوپان محلہ ٹکر کی خواتین اپنے گھرو ں سے باہر آئیں اور محکمہ جل شکتی کے خلاف زور دار احتجاج کیا ۔احتجاج میں شامل خواتین نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ چو پان محلہ ٹکر گزشتہ ایک ہفتہ سے پینے کے پانی سے محروم ہے جس کی وجہ سے آبادی پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہی ہے ۔احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے گھرو ں کے سامنے چند کنویں پانی کے حصول کیلئے کھودے تھے ،لیکن امسال کی خشک سالی کی وجہ سے یہ کنویں بھی پوری طرح خشک ہو گئے ہیں ۔ان خواتین کا کہنا ہے کہ پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں وہ ندی نالو ں سے گندہ پانی حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔احتجاج کے دوران کپوارہ کرالہ پورہ سڑک پر کئی گھنٹو ں تک گا ڑیو ں کی آمد و رفت میں خلل پڑ گیا ۔ٹکر کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس علاقہ کو بوہی پورہ واٹر شیڈ سے پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے اور اس کیلئے ٹکر میں کھیر بوانی استھا پن مندر کے نزدیک ایک فلٹریشن پلانٹ بنایا گیا لیکن کئی سال گزر جانے کے با وجود بھی اس پر چھت نہیں لگائی گئی ہے اور ساری گندگی اس فلٹریشن پلانٹ میں جمع ہوتی ہے اور آج کل موسم خزاں میں درختوں کے پتے تک اس میں گر کر پانی نا قابل استعمال بن جاتا ہے ۔مقامی آبادی نے اس بات کو لیکر برہمی کا اظہار کیا کہ بار بار حکام کی نو ٹس میں لانے کے با وجو دبھی اس فلٹریشن پلانٹ کو چھت نہیں لگائی جاسکی ہے اور یہی گندہ پانی ٹکر علاقہ کو فراہم کیا جاتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملہ میں مداخلت کر کے چو پان محلہ کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں اور بغیر چھت فلٹریشن پلانٹ کی طرف خصوصی توجہ دیکر اولین ترجیحات دیکر اس پر چھت لگانے کے لئے محکمہ جل شکتی کو جواب دہ بنائیں ۔ایگزیکٹو انجینئر محکمہ جل شکتی کپوارہ ڈویژن فاروق سلطان پوری نے بتایا کہ خشک سالی کی وجہ سے پانی کی سپلائی میں خلل پڑا ہے تاہم چوپان محلہ ٹکر کی آ بادی کیلئے محکمہ نے ایک واٹر ٹینکر روانہ کیاہے ۔فلٹر یشن پلانٹ ٹکر پر چھت نہ ہونے پر انہو ں نے بتایا کہ رقومات کی عدم دستیابی کی وجہ سے ابھی تک چھت نہیں لگ سکی ہے، تاہم معاملہ اعلیٰ حکام اور ضلع انتظامیہ کی نو ٹس میں لا یا جائے گا ۔

تازہ ترین