تازہ ترین

بانہال کی گمشدہ خاتون کی نعش برآمد

تاریخ    24 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // بانہال کے بنکوٹ علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک لاپتہ خاتون کی نعش جمعہ کی صبح بانہال کے چملواس علاقے میں شاہراہ کے اوپری علاقے میں پائی گئی ۔ مصرعہ بیگم عمر 38 سال زوجہ ارشاد احمد میر ساکنہ بنکوٹ بانہال اس مہینے کے آخری ہفتے میں کھڑی میں اپنی بہن کے گھر سے اپنے گھر بنکوٹ بانہال لوٹ آنے کے دوران لاپتہ ہوگئی تھی اور اس سلسلے میں پولیس سٹیشن بانہال میں گمشدگی کا ایک معاملہ بھی درج کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ دو بچوں کی ماں اس خاتون کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا۔ ایس ایچ او بانہال نعیم الحق متو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نعش جمعہ کی صبح چملواس علاقے میں گھاس کاٹنے والوں نے دیکھ لی اور پولیس کو مطلع کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکمل طور سے گل سڑک گئی تھی اور اس کی شناخت گمشدہ خاتون مصرعہ بیگم کے طور کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور بانہال والنٹیئرز کے رضاکاروں نے نعش کو بانہال ہسپتال منتقل کیا جہاں قانونی لوازمات پوری کرنے کے بعد نعش آخری رسومات کیلئے ورثاء کے حوالے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس معاملے میں 174 سی آر پی سی کے تحت کیس درج کیا ہے اور اس معاملہ کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ بظاہرخاتون کی موت پہاڑی سے گرجانے کی وجہ سے واقعہ ہوئی ہے تاہم پولیس تحقیقات کے بعد ہی اس اچانک موت کی وجہ معلوم ہوگی۔