فورلین شاہراہ کشادگی

جمعہ کے روزہر طرح کا ٹریفک بند رہا

تاریخ    24 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال// پہلے سے اعلان شدہ شیڈول کے مطابق جمعہ کے روز جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک بند رہا ۔واضح رہے کہ پچھلے جمعہ کو بھی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند رکھاگیاتھااور اس بات کا فیصلہ لیاگیاہے کہ ہر جمعہ کو فورلین شاہراہ کی کشادگی کاکام کیاجائے گا۔ اعلان شدہ شیڈول کے مطابق فورلین شاہراہ کی کشادگی کے کام کے پیش نظر جمعہ کے روز جموں سرینگر شاہراہ پرگاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند رہی اور بھاری ٹریفک اور ٹریفک جام کی وجہ سے ہمیشہ مصروف  رہنے والی شاہراہ سنسان نظرآئی۔ اڑتے گردوغبار کے بیچ بانہال، کھڑی، رامسو، مکرکوٹ، اکڑال پوگل پرستان،ڈگڈول، بیٹری چشمہ، گام، رام بن، چندرکوٹ اور بٹوت و دیگر علاقوں میں مسافروں کو پیدل سفر کرتے دیکھاگیا جنہیں سخت مشکلات کاسامناکرناپڑا۔ ٹریفک پولیس  نے بتایا کہ موسم اور شاہراہ کی بہتر صورتحال کے پیش نظر آج یعنی سنیچر کو جموں سرینگر  شاہراہ پر مسافر بردار گاڑیوں کو سرینگر سے جموں کی طرف آنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ ادھمپور میں درماندہ ٹرکوں کو وادی کشمیر کی طرف بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے مسافر گاڑیوں کو دوپہر سے پہلے تک کے مقررہ اوقات کے اندر اندر قاضی گنڈ پار کرنا ہوگا۔  

تازہ ترین