سیول سیکریٹریٹ کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن | حکومت نے ٹائم لائن مقرر کردی ، جموںکے بعد سرینگر کی باری

تاریخ    22 اکتوبر 2020 (11 : 12 AM)   


سید امجد شاہ
جموں// محکمہ عمومی انتظامی (جی اے ڈی) نے سول سیکریٹریٹ جموں کے 22 محکموں کے سرکاری ریکارڈ کو ڈیجیٹلائزیشن کرنے کا حکم دیا ہے ۔جموں میں تمام ریکارڈ ڈیجیٹائز ہونے کے بعد ایسی ہی مشق سرینگر میں کی جائے گی ۔جی اے ڈی کی طرف سے جاری حکم کے مطابق ’’جموں میں دربار کھلتے ہی سرینگر میں تعینات محکمہ جات سکیننگ کے لئے تمام فائلوں کو تیار کردیں گے تاکہ جموں میں واقع محکموں کے ریکارڈ / فائلوں کی اسکیننگ مکمل ہونے کے بعد ان کو فوری طور پر ڈیجیٹائزکیا جائے‘‘۔اس حکم کے مطابق’’اس وقت سول سیکریٹریٹ جموں میں واقع مختلف محکموں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لئے چار مراحل میں ڈیجیٹائزیشن کے لئے شیڈول جاری کیا گیا ہے‘‘۔اینمل ہسبنڈری، اے آر آئی اور ٹریننگ، خوراک ،شہری رسدات اور امورصارفین (سی اے پی ڈی)، جنگلات و ماحولیات ، صحت اور طبی تعلیم اور محکمہ داخلہ کے ریکارڈ کو 23 اکتوبر کے اندر اندرڈیجیٹل بنایا جائے گا۔اسی طرح محکمہ مکانات و شہری ترقی، جل شکتی، منصوبہ بندی، بجلی ، محکمہ مال اور محکمہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے ریکارڈ کو دوسرے ہفتہ یعنی 31 اکتوبر تک ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔دریں اثنا، محکمہ ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹکنالوجی، قبائلی امور، کوآپریٹو اور انفارمیشن کاریکارڈ تیسرے ہفتے یعنی8 نومبرتک کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا اورچوتھے مرحلے کے تحت محکمہ اعلیٰ تعلیم ، عمومی انتظامی (جموں کاریکارڈ)، محکمہ خزانہ (جموں) ،سکول ایجوکیشن (جموںکاریکارڈ)اورمحکمہ زراعت کا ریکارڈ16 نومبرتک ڈیجیٹل بنایا جائے گا۔جی اے ڈی نے حکم دیا ہے کہ کم سے کم 800 فائلوں کی روزانہ ڈیجیٹلائزیشن سنٹر کونسل بلڈنگ جموں میں فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔جموں میں دربار کھلتے ہی سرینگر میں تعینات محکمہ جات سکیننگ کے لئے تمام فائلوں کو تیار کردیں گے تاکہ جموں میں یہ کام مکمل ہونے پر ان کو بھی ڈیجیٹل بنایاجائے ۔قابل ذکر ہے کہ سرکاری محکموں کو جموں یا سرینگر میں سالانہ دربار منتقل ہونے کے دوران فائلیں و ریکارڈ اور کمپیوٹر منتقل کرنا پڑتے ہیں جو ایک مہنگا عمل سمجھاجاتاہے ۔
 

تازہ ترین