تازہ ترین

پولیس اہلکار وں نے ملک کو سنبھالا

حکومت ان کے اہل خانہ کو سنبھالے گی:شاہ

تاریخ    22 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نئی دہلی // مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کی داخلی اور خارجی سیکورٹی میں مصروف پولیس اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے آج انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ملک کی داخلی سلامتی کو سنبھالیں مودی حکومت ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کرے گی۔پولیس یادگاری دن کے موقع پر شاہ نے آج چانکیہ پوری میں واقع نیشنل پولیس میموریل میں ملک بھر کے شہید پولیس اہلکاروں کو قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا۔پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ وہ مکمل اطمینان کے ساتھ اور پوری مستعدی سے ملک کی داخلی سلامتی اور امن و امان کے حالات کو سنبھالیں مودی حکومت ان کے اہل خانہ کو سنبھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ تیار ، باخبر ہے اور رہے گی۔ حکومت آنے والے دنوں میں ٹریننگ ، بھرتی اور جدید کاری کی سمت میں ایسے بہت سے اقدامات کرنے جارہی ہے تاکہ پولیس فورس مضبوطی کے ساتھ ملک کی خدمت کرسکے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ دو دہائیوں میں داخلی سلامتی کے محاذ پر دہشت گردی ، سائبر کرائم اور دیگر مسائل کی وجہ سے پولیس کے چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے ،انہیں اس سے نمٹنے کیلئے مختلف جہتوں اور پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔ اس سے نمٹنے کے لئے پولیس کو تمام زاویوں سے جدید بنایا جارہا ہے ۔ ملک کی سرحدوں کے تحفظ میں مصروف پولیس فورس فوج کی مدد سے اپنا کام انجام دے رہی ہے اور اب سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ٹکنالوجی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جارہا ہے ۔ اس سمت میں وسیع پیمانے پر کام کیا جارہا ہے جس کے بعد پولیس فورس ٹکنالوجی اوراپنی مستعدی کے تال میل سے بہتر طریقے سے ملک کومحفوظ رکھ پائیں گے ۔شاہ نے ملک میں پولیس اور آبادی کے تناسب میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس سمت میں کام کر رہی ہے ۔ رکشا شکتی وشو ودیالیہ اور اپرادھ وگیان وشو ودیالیہ ملک میں پولیس فورسز اور جرائم کی تحقیقات سے وابستہ سائنسدانوں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے بہت زیادہ تعاون دے رہے ہیں ۔
 

تازہ ترین