تازہ ترین

خواجہ بازار میں تاریخی اہمیت کا حامل’’خوجہ دگر‘‘ ادا

حضرت خواجہ نقشبند صاحبؒ کا عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

تاریخ    22 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// بلند پایہ ولی کامل، عظیم المرتبہ اولیاء، داعی اسلام حضرت بہاالدین نقشبند مشکلکشاؒ کا عرس مبارک کل جموں و کشمیرکے طول ارض میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب سرینگر میں اُن کے آستان عالیہ واقع خواجہ بازار نوہٹہ میں منعقد ہوئی جہاں ہزاروں عقیدت مندوں نے ختمات المعظمات ، درود ازکار (ختم خواجگان) اور نماز خوجہ دگر میں شرکت کی۔میر واعظ مولانا ہمدانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواجہ بزرگؒ کی تعلیم ، عبادت ، ریاضت، تقویٰ اور اسلامی خدمات، تبلیغ واشاعت تاریخ اسلام میں ایک سنہری باب ہے۔ہمدانی نے کہا کہ حضرت اولیاء کرام کے پاک اور تاریخی کارناموں کی بدولت کشمیر کا چپہ چپہ اسلام کے نور سے سرسبز وشاداب ہوا اور اِن کی درگاہیں ہمارے دلوں کے سکون رہے ہیں۔وادی کی زیارت گاہوں ، خانقاہوں اور مساجدوں میں بھی علماء کرام نے حضرت شاہ بخارانؒ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔  نمازظہر سے قبل عالم دین امام و خطیب درگاہِ نقشبندیہ خواجہ بازار الحاج پروفیسر محمد طیوب کاملی نے حضرت نقشبند صاحبؒ کی انمول اور لافانی تعلیم، روحانی اور علمی کمالات اور خواجہ دیگر کے ساتھ ساتھ ختم خواجہ گان پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ تقریب پر مولانا شوکت حسین کینگ قادری نے بھی حضرت نقشبند صاحبؒ سیرت، علمی اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالی جبکہ ایک تقریب پر مولانا خورشید احمد قانون اور ڈاکٹر مقتدر کاملی نے عرس کی تقریب کی عظمت بیان کی۔