مزید خبریں

تاریخ    21 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک

دربار مو دفاتر کی ششماہی منتقلی کے عمل کو بند کیا جائے: چاڑک

جموں// ڈوگرہ صدر سبھا کے صدر گلچین سنگھ چاڑک نے روایتی دربار مو کی ششماہی منتقلی کے عمل کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل سے کروڑوں روپے ضائع ہوجاتے ہیں۔موصوف منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ روایتی دربار مو کے عمل کو بند کریں اس سے کروڑوں روپے ضائع ہوجاتے ہیں۔چاڑک نے کہا کہ چیف سیکریٹری نے بھی اس سلسلے میں اپنے ’انڈرسیکریٹریوں‘ سے مشورے طلب کئے ہیں اور میرا یہی مشورہ ہے کہ اس روایت کو بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس 148 برس قدیم روایت کو ہائی کورٹ نے بھی وقت کا ضیاں قرار دیا ہے۔یو این آئی 
 
 

سید غلام رسول غیور کا یوم وصال

۔22اکتوبر کو ٹاون ہال پلوامہ میں تقریب منعقد ہوگی

سرینگر// غیور فاونڈیشن ،کلچرل اکیڈیمی اور ضلع انتظامیہ پلوامہ کے اشتراک سے نامور شاعر ،ادیب ،صحافی اور ماہر تعلیم سید غلام رسول غیور اندرابی کے15ویں یوم وصال کے سلسلے میں 22اکتوبر کو ٹاون ہال پلوامہ میں ایک تقریب کا اہتمام کررہا ہے ۔تقریب میں وادی کے نامور ادبا اور شاعر شرکت کررہے ہیں ۔
 
 

جموں میں پرگوال اندری پٹن پل کی تعمیر کا کام معطل، لوگ مایوس

جموں// کئی سرحدی دیہات بشمول پرگوال کو جموں کے ساتھ جوڑنے والے پرگوال اندری پٹن پل کی تعمیر کا کام فنڈس کی قلت کی وجہ سے رک گیا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔پل کی تعمیراتی کمپنی کا کہنا ہے کہ فنڈس کی قلت اور محکمہ پبلک ورکس (پی ڈبلیو ڈی) کی طرف سے یہ معاملہ اعلیٰ حکام کے ساتھ نہ اٹھانے کی وجہ سے یہ پل سال رواں کے ماہ دسمبر تک مکمل نہیں ہو پائے گا۔ اس پل کو مکمل کرنے کے لئے دسمبر 2020 کی ڈیڈ لائن مقرر تھی۔وی کے جی کنسٹرکشنز کے سینئر منیجر رویندرا مشرا نے بتایا کہ سال گذشتہ کے ماہ دسمبر سے فنڈس واگذار نہیں کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے تعمیراتی کام بند پڑا ہے۔انہوں نے کہا’’ہم نے کام بند کر دیا ہے اور جب تک پیسہ واگذار نہیں کیا جائے گا تب تک کام بحال نہیں کیا جائے گا‘‘۔موصوف نے کہا کہ ہمارا کنٹریکٹ پی ڈبلیو ڈی کے ساتھ ہے لیکن وہ اعلیٰ حکام کے ساتھ یہ معاملہ نہیں اٹھاتے ہیں۔دریں اثنا چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی جموں اے کے ککلو نے بتایا کہ ہم نے اس پروجیکٹ کے لئے گذشتہ ایک سال سے کوئی فنڈ حاصل نہیں کیا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ عنقریب فنڈ حاصل کیا جائے گا اور اس پل کا تعمیراتی کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ادھر مقامی لوگوں نے اس پل کو شہہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پل کی تعمیر ہمارا ایک بڑا مطالبہ ہے لیکن فنڈس کی کمی کی وجہ سے اس کی تکمیل طول پکڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پل کی تعمیر سے قریب 35 ہزار گھرانوں کو سہولیت پہنچے گی۔یو این آئی
 
 

رام بن کے 48طلاب ٹریکنگ کیلئے روانہ | سکریٹری قبائلی امور و ڈپٹی کمشنر نے ہری جھنڈی دکھائی 

رام بن// انتظامی سکریٹری محکمہ قبائلی امور ریحانہ بتول اور ڈپٹی کمشنررام بن ناظم زئی خان نے ٹریکنگ مہم کے لئے طلباء کے ایک دستے کو سناسر روانہ کیا۔ اس موقعہ پر اے ڈی سی اشوک کمار، سی پی او ڈاکٹر کستوری لال، ڈی وائی ایس او دھرمویر سنگھ، سی اے او کونسلرز کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے۔محکمہ یوتھ سروسزواسپورٹس رام بن کے زیر اہتمام چھ روزہ ٹریکنگ مہم کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ضلع کے چھ مختلف تعلیمی زون کے 48 طلباء نے شرکت کی۔اس موقعہ پر سکریٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیوں سے طلبا کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے ان کی صلاحیت، صبر اور کمزوری کو سمجھنے کا موقعہ ملے گا جو ان کے مستقبل میں ان کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔شرکاء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی نے ان پر زور دیا کہ وہ ایک اچھے کھیل کے ساتھ ساتھ معاشرے کی رہنمائی کرنے کے قابل ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنی شخصیت کونکھاریں۔انہوں نے ڈی وائی ایس او کو ہدایت کی کہ وہ شرکاء کو ٹریکنگ کی مہارت اور اخلاقی تعلیمات فراہم کرنے کے علاوہ انہیں مناسب سہولیات فراہم کریں۔
 
 
 
 
 

قصبہ رام بن میں آوارہ جانوروں کی گردش  | دکاندار اور راہگیر پریشان ، ٹریفک جام اور حادثات کا خطرہ 

رام بن//ایم ایم پرویز//رام بن قصبہ کی میونسپل حدود میں بسنے والے رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ آوارہ جانوروں نے ان کا چلنا پھرنا مشکل بنادیاہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں آوارہ جانوروں کا مسئلہ بدستور ایک مسئلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ اور رگوناتھ ،میترا، گووند پورہ سے میترا اور کیفٹیریا موڑ سے جموں سرینگر ہائی وے پر پولیس چیک پوسٹ تک آوارہ جانورگردش کرتے رہتے ہیں ۔لوگوں کی شکایت ہے کہ آوارہ مویشی نہ صرف ٹریفک جام کا سبب بنتے ہیں بلکہ اس سے حادثات کا بھی خطرہ رہتاہے ۔قصبہ کے دکانداروں نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مویشی سبزی کی دکانوں کے قریب کھڑے ہوجاتے ہیں اور سارا دن شاہراہ کے ساتھ ساتھ چلتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات وہ شاہراہ کے وسط میں کھڑے ہوجاتے ہیں اورلوگوں کو چلنے کا راستہ نہیں ملتا۔دکانداروں کی شکایت ہے کہ میونسپل کمیٹی کے حکام کو متعدد بار آوارہ جانوروں کو بے دخل کرنے کی درخواست کی گئی لیکن انہوں نے ابھی تک کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ان کے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کئے جانے چاہئیں جنہوں نے انہیں اس طرح سے آوارہ چھوڑ دیاہے ۔
 
 
 
 

ڈبلیو ایف او نے ڈوڈہ میں ماسک تقسیم کئے  | تیمارداروں و عام لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈبلیو ایف او ٹرسٹ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں موجود تیمارداروں،مریضوں و عام لوگوں میں ماسک تقسیم کئے۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد یعقوب میر و ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر یودھویر کی موجودگی میں ٹرسٹ کے چیئرمین مجیب ملک نے دیگر ممبران کے ہمراہ اس مہم کو انجام دیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے چیئرمین ٹرسٹ نے کہا کہ اگر چہ کووڈ 19 کے مریضوں میں کچھ دنوں سے کمی آرہی ہے لیکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہلک وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے ماسک پہننا ضروری ہے۔سپرانٹنڈنٹ جی ایم سی نے ٹرسٹ کے رضاکاروں کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لوگوں کو بیدار کرنے کے لئے ہسپتال کا انتخاب کیا۔اس دوران ضلع کوآرڈی نیٹر شاہنواز حسین، انجینئر مدثر عباس، انجینئر طاہر جمیل، شگفتہ، پائل شرما و ٹرسٹ کے دیگر ممبران موجود رہے۔
 
 
 
 
 
 
 

مہور میںعوامی شکایات کا ازالہ کیمپ آج 

مہور/زاہد ملک/بلاک مہور، چسانہ اور گلاب گڑھ کے لئے عوامی شکایات کے ازالے کے ایک کیمپ کا انعقاد بدھ یعنی آج صبح 10 بجے سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر / تحصیل کیمپس مہور میں ہوگا۔ ایس ڈی ایم مہور نے کہاکہ ڈی سی ریاسی کیمپ کی صدارت کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام افراد آکر اپنی شکایات کا ازالہ کراسکتے ہیں۔
 
 

ڈوڈہ میں کورونا کے 26 نئے مثبت کیس

ڈوڈہ //اشتیاق ملک//ڈوڈہ ضلع سے کووڈ 19 کے 25 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں جبکہ 52 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ منگل کے روز ڈوڈہ سے 25 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں۔اس دوران 52 مریض شفایاب ہوئے ہیں اور اسطرح سے ضلع میں صحت یاب ہوئے مریضوں کی تعداد 2306 پہنچ گئی ہے جبکہ فعال کیسوں کی تعداد 179 رہ گئی ہے۔ضلع میں آج تک کووڈ 19 سے 42 اموات ہوئی ہیں۔
 
 

ڈوڈہ ٹھاٹھری شاہراہ پر حادثہ، نوجوان ہلاک 

ڈوڈہ //اشتیاق ملک//ڈوڈہ ٹھاٹھری شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان ہلاک ہوا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق منگل کے روز پریم نگر سے کراڑہ جارہا ایک ٹپر زیر نمبر JK06A-3789ڈونگرو کے نزدیک حادثہ کا شکار ہو کر دو سو فٹ شاہراہ سے نیچے لڑھک گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور اکشے کمار ولد بلونت سنگھ ساکنہ چنتا بھدرواہ (30)موقعہ پر ہی ہلاک ہوا۔اس حادثہ کے فوراً بعد پولیس و مقامی لوگ موقعہ پر پہنچے اور ہلاک ہوئے نوجوان کی نعش کو نزدیکی ہیلتھ سینٹر میں منتقل کیا جہاں پر سبھی لوازمات مکمل کرنے کے بعد آخری رسومات ادا کرنے کے لئے نعش کو وارثین کے سپرد کیا گیا۔اس سلسلہ میں تھانہ پولیس ڈوڈہ میں ایف آئی آر نمبر 195/2020، U/S279/304-Aدرج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 
 

تازہ ترین