ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کی تیاریاں شروع

مرکزی اور دو صوبائی اعلیٰ سطحی کمیٹیاں تشکیل، نقش راہ تیار کرنے کیلئے27اکتوبر تک رپورٹ پیش کرینگی

تاریخ    21 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں وکشمیرکی حکومت نے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے انعقاد کیلئے نقش راہ مرتب کرنے کیلئے پرنسپل سیکریٹری محکمہ داخلہ کی سربراہی میں 7رُکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جبکہ کمیٹی کی معاونت کیلئے جموں اور کشمیر میںصوبائی سطح کی2الگ الگ کمیٹیاںبھی تشکیل دی گئی ہیں ۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک آرڈر زیر نمبر 958-JK(GAD) of 2020 بتاریخ 19 اکتوبر 2020 کو جاری کیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ مرکزی زیرانتظام علاقہ جموں وکشمیرکی حکومت نے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے انعقادکیلئے روڑمیپ تیارکرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اور2صوبائی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ حکومتی آرڈرکے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی 7ممبران پرمشتمل ہوگی ،جسکے سربراہ یاچیئرمین پرنسپل سیکریٹری محکمہ امور داخلہ ہونگے جبکہ کمیٹی کے اراکین میں ڈائریکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس( سی آئی ڈی)،کشمیروجموں کے صوبائی کمشنرس،سیکریٹری دیہی ترقی وپنچایتی راج ،ٹرانسپورٹ محکمہ کے ایڈیشنل سیکریٹری رینک کے افسرہونگے جبکہ اعلیٰ سطحی کمیٹی اپنی ضرورت کے مطابق ایک اورممبرکونامزدکرسکتی ہے ۔ کمیٹی کویہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ صوبائی کمیٹیوں کی جانب سے زمینی صورتحال پرمبنی رپورٹوں کاجائزہ لینے کے بعدضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے انعقاد اور نقش راہ تیار کرے گی ،اوراس دوران مذکورہ کمیٹی سیکورٹی اہلکاروں وسازوسامان اوردیگرچیزوں کی دستیابی کوبھی ملحوظ نظررکھے گی ۔کشمیر کیلئے ڈویژنل سطح کی کمیٹی چیئرمین ڈویژنل کمشنر کشمیر ہونگے جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس کشمیرممبر ، ڈائریکٹر دیہی ترقی کشمیر ممبر سیکریٹری ہونگے اور کسی دوسرے ممبر کوضرورت کے تحت کمیٹی میں لیاجائیگا۔کمیٹی برائے جموں ڈویژن میں ڈویڑنل کمشنر جموںچیئرمین ، انسپکٹر جنرل پولیس جموں بطور ممبر ، ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ جموں بطور ممبرسیکریٹری شامل ہونگے جبکہ کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے منتخب کردہ کوئی دوسرا فرد ہوگا۔19اکتوبرکوجاری آرڈرمیں مزیدبتایاگیاہے کہ ڈویژنل سطح کی کمیٹیاں’افرادی قوت ، سیکورٹی ، رسد ، نقل و حمل ، سازوسامان اور دیگر تمام ضروریات‘ کے جائزہ کی بنیاد پر امکانات اور رکاوٹوں کا خاکہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کو پیش کریں گی۔اعلیٰ سطحی کمیٹی27اکتوبر 2020تک اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی اور متذکرہ بالا کمیٹیوںکا انتظام وانصرام محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کی ذمہ داری ہوگی۔
 

تازہ ترین