تازہ ترین

ڈومیسائل اسنادکا اجراء| والدین کی پی آر سی کی ضرورت نہیں

تاریخ    21 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سید امجد شاہ
جموں// حکومت نے واضح کیا ہے کہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کسی درخواست دہندہ کے حق میں بھی جاری کیا جاسکتا ہے، جس کے والدین میں سے کوئی ایک سابق ریاست جموں و کشمیر کی مستقل رہائشی سند (PRC) رکھتا ہو۔یہ وضاحت کچھ شکایات کے پیش نظر جاری کی گئی ہے ۔محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دویدی کی طرف سے جاری حکم کے مطابق ’’یہ بات حکومت کے علم میں آئی ہے کہ مجاز حکام بعض مواقع پر یہ درخواستیں مسترد کرتے ہیں کہ مستقل رہائشی اسناد (PRCs) رکھنے والے افراد کے بچوں کو والدین (والدہ اور والد) دونوں کی PRC منسلک کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔دویدی نے وضاحت میں کہا’’یہاں تک کہ اگر والدین میں سے ایک یعنی ماں یا باپ میں سے کسی ایک کے پاس PRC ہے تو وہ بچے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے حقدار ہوں گے‘‘۔کمشنر سکریٹری جی اے ڈی نے تمام متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ پی آر سی ہولڈرز کے بچوں کے حق میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرتے وقت قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے اور مذکورہ بالا وضاحت کے مطابق اسناد جاری کی جائیں۔