تازہ ترین

ڈپٹی کمشنروں نے ضلع ترقیاتی کونسل کے حلقے نوٹیفائی کردیئے | 23 اکتوبر تک اعتراضات پیش کرنے کا وقت | کانگریس نے سوالات اٹھائے

تاریخ    20 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سید امجد شاہ
جموں//جموں خطے میں ضلع انتظامیہ نے ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابی حلقوں کے مسودہ کو نوٹیفائی کردیاہے۔اس حوالے سے 23اکتوبر تک اعتراضات پیش کرنے کا وقت دیاگیاہے ۔حکومت کی جانب سے ڈی ڈی سی کے انتخابات کے انعقاد کے اعلان کے بعد انتظامیہ نے نوٹیفیکیشن شائع کیا ہے اور لوگوں سے اعتراضات طلب کئے ہیں جو ڈپٹی کمشنرز کے دفتر میں جمع کروائے جائیں گے۔جاری کردہ اطلاعات میں ڈپٹی کمشنرز نے ہر ضلع میں 14انتخابی حلقوں کے قیام کو نوٹیفائی کیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان 14 ڈی ڈی سی حلقوں کو مسودہ نوٹیفکیشن میں تجویز کیا گیا ہے اور 23 دسمبر یا اس سے پہلے ڈی سی جموں کے دفتر کے ذریعہ اعتراضات طلب کیے گئے ہیں۔کانگریس پارٹی کے ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے ڈی ڈی سی انتخابی حلقوں پر اعتراضات داخل کرنے کے لئے کم سے کم وقت فراہم کرنے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ’’لوگوں کو اپنے اعتراضات درج کرنے کے لئے مناسب موقعہ اور مناسب وقت مہیا کئے بغیر یہ کام جلد بازی سے کیا جارہا ہے‘‘۔انہوں نے اضلاع کو 14 حلقوں میں تقسیم کرنے کے جواز کے بارے میں سوال کیا اورکہاکہ کچھ اضلاع جیسے جموں، راجوری اور کٹھوعہ میں بڑی آبادی ہے۔
ان کاکہناتھاکہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک حلقہ جس کی آبادی 30000 آبادی پر مشتمل ہے اور دوسرے حلقے کی آبادی 50000 ہے۔ انہوں نے ڈی سی سی انتخابی حلقوں کی تقسیم کے لئے اختیار کئے جانے والے معیار پر سوال اٹھایا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات میں تاخیر کی کوششیں کی جارہی ہیں۔