تازہ ترین

وچی میں تصادم،بجبہاڑہ میں سب انسپکٹر پر فائرنگ

جنگجو اور پولیس افسر جاں بحق، سرکیولر روڑ کراسنگ پلوامہ کے نزدیک فورسز پر حملہ، اہلکار زخمی

تاریخ    20 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   
(File Photo)

شاہد ٹاک +عارف بلوچ
شوپیان +اننت ناگ // میلہورہ شوپیان میں مسلح تصادم آرائی کے دوران ایک جنگجو جاں بحق جبکہ کنلون بجبہاڑہ میں مشتبہ جنگجوئوں نے لیتہ پورہ اونتی پورہ میں پولیس تربیتی سینٹر میں تعینات ایک سب انسپکٹر کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا اور پلوامہ سرکیولر روڑ پر جنگجوئوں نے سی آر پی ایف کی ایک ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی جس میں ایک اہلکار شدید زخمی ہوا۔شوپیان میں انٹر نیٹ سہولیات معطل کردی گئیں۔

شوپیان

 ضلع شوپیان کے وڈیج میلہورہ وچی گائوں میں مسلح تصادم آرائی میںایک جنگجو جاں بحق ہوا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سہ پہر کو مذکورہ گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد55آر آر، 178بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے قریب 5بجے گائوں کا محاصرہ کیا ۔پولیس کا کہنا تھا کہ جونہی تلاشی کارروائی کا آغاز ہونا تھا تو گائوں کے ایک کھلے کھیت، جس میں سفیدے کے درخت کثرت سے پائے جاتے ہیں، میں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔جس جگہ فائرنگ ہوتی رہی اسکے آس پاس بستی ہے اور لوگوں کو مقام جھڑپ کے نزدیک  دور رکھا گیا تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔فائرنگ سے گائوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور فائرنگ کا تبادلہ مختصراً جاری رہنے کے بعد خاموشی چھا گئی۔ پولیس نے کہا کہ شام 8بجے کے قریب ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی۔فورسز نے گائوں میں روشنی کا انتظام بھی کیا گیاہے، اور آپریشن منگل کی صبح تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ گائوں میں ایک اور جنگجو موجود ہے جو فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہوا ہے۔

بجبہاڑہ

بجہباڑہ  کے ایک مضافاتی گائوں میں پیر کی شام جنگجوؤں نے پولیس کے ایک سب انسپکٹر پر نزدیک سے گویاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوا۔سوند پورہ کنلون بجبہاڑہ نامی گائوں میں نماز مغرب ادا کرنے کے بعد پولیس سب انسپکٹر محمد اشرف بٹ ولد محمد رمضان گھر کی طرف آرہا تھا، جس کے دوران مشتبہ جنگجوئوں نے اس پر نزدیک سے فائرنگ کی۔ وہ شدید طور پر زخمی ہوا اور اسے بجبہاڑہ سب ڈسٹرکٹ اسپتال لیجانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔مہلوک پولیس آفیسرلیتہ پورہ اونتی پورہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں گذشتہ اڈھائی برسوں سے بحیثیت استاد تعینات تھا اور وہ وہاں زیر تربیت پولیس اہلکاروں کو قانون کی تعلیم دے رہا تھا۔ وہ اپنے پیچھے دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کو چھوڑ گیا ہے۔گائوں میں اسکی ہلاکت کیخلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔حملے کے فوراً بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے  علاقہ کو گھیرے میں لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔مذکورہ پولیس افسر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ضلع پولیس لائنز اننت ناگ میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں آئی جی پولیس وجے کمار، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، اننت ناگ، اونتی پورہ اور پلوامہ کے ایس ایس پیز اور دیگر سول، پولیس و سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ اس موقعے پر تابوت پر گلباری کی گئی اور انہیں خراج عقیدت ادا کیا گیا۔

پلوامہ

 جنوبی ضلع پلوامہ کے سرکیولر روڑ کراسنگ کے نزدیک معمول کے مطابق تعینات182بٹالین سی آر پی ایف کی مشترکہ ناکہ پارٹی پر نا معلوم جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہوا ،جس کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔اس دوران فورسز نے بھی یہاں جوابی فائرنگ کی لیکن حملہ آورنزدیکی باغات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو ئے ۔ واقعے کے بعد پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسران نے علاقے کا دوروہ کر کے مزید کمک کو طلب کر کے مفرورحملہ آروں کی تلاش تیز کر دی گئی ۔ادھر پلوامہ کے ہی بر پورہ نامی گائوں کو فورسز نے کئی گھنٹوں تک محاصرے میں لینے کے بعد تلاشی کارروائیاں لیں ۔
 

تازہ ترین