تازہ ترین

افغان طالبان کا امریکی فوج پر امن معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام

تاریخ    20 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


کابل//طالبان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوج امن معاہدے کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔اس بارے میں طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے بیان میں کہا کہ صوبہ ہلمند میں بمباری کرکے امریکی فضائیہ دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ امریکا کو اشتعال انگیز کارروائیوں اور بمباری کے نتائج بھگتنا پڑسکتے ہیں۔طالبان نے حال ہی میں ہلمند میں حملے کرتے ہوئے پیش قدمی شروع کی ہے جسے روکنے کیلئے امریکا نے ان کی پوزیشنز کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔کابل میں امریکی فوجی ترجمان نے طالبان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی حملوں میں طالبان کے ساتھ معاہدے اور امریکا افغان مشترکہ اعلامیے کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی، یہ کارروائی افغان فوج کے دفاع کیلئے کی گئی جن پر طالبان نے حملہ کیا تھا، امن عمل کے لیے تمام فریقین کو تشدد سے باز رہنا ہوگا۔
 

تازہ ترین