۔ 8ماہ بعد سنڈے مارکیٹ کی سرگرمیاں بحال | تاجروں اور خریداروں میں خوشی ، ایس او پیز پر من و عن عمل

تاریخ    19 اکتوبر 2020 (30 : 12 AM)   
(عکاسی: حبیب نقاش)

نیوز ڈیسک
 سرینگر//اتوار کو قریب 8ماہ بعد سنڈے مارکیٹ جزوی طور کھل گیا جہاں ایک بار پھر مختلف اقسام کی اشیاء خاص طور پر ملبوسات چھاپڑیوں پر صبح سے ہی سجائے گئے تھے اور لوگوں کی بڑی تعداد نے مارکیٹ میں حاضر ہوکر جم کر خریداری کی ۔ سنڈے مارکیٹ دوبارہ کھل جانے کے نتیجے میں سنڈے مارکیٹ میں چھاپڑیوں پر مال فروخت کرنے والوں کے چہروں پر خوشی صاف چھلک رہی تھی ۔سی این آئی کے مطابق   ہر اتوار کو سرینگر میں سجنے والا بازار جس کو عرف عام میں سنڈے مارکیٹ کہتے ہیںگذشتہ اتوار کولگ بھگ 8ماہ بعد دوبارہ کھل گیا ،جہاں پر  ایک بار پھر بازار میں مختلف اقسام کی چیزں سجائی گئی تھیں ۔ سنڈے مارکیٹ عمومی طور پر ٹورسٹ سنٹر ڈلگیٹ سے مہاراجہ بازار اور ہری سنگھ ہائی سٹریٹ تک لگتا تھا تاہم کووڈ 19کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے نتیجے میں اس اتوار کو مارکیٹ میں نصف ہی تاجروں نے اپنا مال سجایا تھا  کیوں کہ انتظامیہ کی جانب سے اسی شرط پر مارکیٹ دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی کہ مارکیٹ میں سماجی دوری کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے مختلف چیزوں کی خریداری کی خاص کر لوگوں نے گرم ملبوسات کی جم کر خریداری کی ۔ ماکیٹ میں جاکیٹ، جرسیاں، فرن اور دیگر گرم ملبوسات مختلف قیمتوں پر دستیاب تھے۔اگرچہ اس مارکیٹ میں لوگوں کا اژھادم ہوتا تھا لیکن اس اتوار کو لوگوں کی تعداد کم دکھائی دی جبکہ مارکیٹ میں اپنا مال لگانے والے تاجروں کے چہروں پر خوشی صاف ظاہر ہوتی تھی ۔ کئی تاجروں نے بتایا کہ مارکیٹ دوبارہ کھلنے پر وہ بے حد خوش ہیں کیوں کہ اس مارکیٹ سے ہزاروں لوگوں کا روز گار جڑا ہوا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کووڈ 19کے نتیجے میں پید شدہ صورتحال اور لاک ڈاون کے نتیجے میں سنڈے مارکیٹ بھی قریب آٹھ ماہ تک بند رہا اور جب مرحلہ وار طریقے سے ان لاک شروع ہوا تو ہم نے انتظامیہ سے کئی بار اپیل کی تھی کہ وہ سنڈے مارکیٹ کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دیں تاہم وادی کشمیر میں کوروناوائرس کے معاملات میں حد درجہ اضافہ کے پیش نظر اجازت نہیں ملی ۔اب آٹھ ماہ بعد مارکیٹ دوبارہ کھل گیا ہے، جہاں پر تاجروں نے پھر سے مال سجالیا تاکہ لوگ یہاں ایک بار پھر آکر خریداری کرسکیں ۔ انہوںنے کہا کہ مارکیٹ میں سماجی دوری کا خاص خیال رکھا جارہا ہے جبکہ تمام چھاپڑی فروشوںنے ماسک کا بھی استعمال کیا ہوا ہے جو کہ ہیلتھ گائڈ لائنوں کے عین مطابق ہے ۔
 

تازہ ترین