گول:کھارپورہ وانی محلہ میں پانی کی شدید قلت | تعمیرات کے دوران پائپیں اکھاڑ دی گئیں ،محکمہ خاموش

تاریخ    19 اکتوبر 2020 (30 : 12 AM)   


زاہد بشیر
گول//آئے روز گول سب ڈویژن میں پانی کی قلت رونما ہو رئی ہے جس وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔تاہم محکمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد پانی کی مشکلات کو دورکیاجائے گا ۔ گول سب ڈویژن صدر مقام کے کھار پورہ وانی محلہ میں پانی کی شدید قلت پائی جا رہی ہے ۔ قریباً چھ ماہ سے لوگ اس مصیبت کا سامنا کر رہے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی پائپیں کئی جگہوں پر تعمیرات کے دوران لوگوں نے توڑ دیں جس وجہ سے پانی کی شدید قلت ہوئی ہے۔ان کاکہناتھاکہ اس سلسلے میں یہاں تعینات لائن مین کو بھی مطلع کیاگیاجبکہ جے ای کو بھی بتایاگیالیکن کوئی نتیجہ بر آمد نہ ہو سکا ۔مقامی لوگوں نے مزید کہا کہ پانی جو ایک ایک بوند آ رہا ہے وہ نا قابل استعمال ہے اور اس میں مٹی ملی ہوئی ہوتی ہے جس کو کھانے اور پینے کے استعمال میں نہیں لایاجاسکتا۔اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ نے اے ای ای ذاکر حسین سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں آج ہی یہ بات آئی ہے اور ایک دو دن میں پانی کے مسئلہ کو حل کرلیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ سے بارشیں بھی نہیں ہوئیں جس وجہ سے چشمے سوکھ رہے ہیں اور انہوں نے لوگوں کو ہر وقت پانی کی بہتر سپلائی کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں اور اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کو بھی مطلع کیا ہے جنہوں نے گول میں پانی کے مسئلے پر ایگزیکٹو انجینئر رام بن سے بھی بات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ساتھ جو پمپ موجود ہے ،وہاں پانی کا بہت بڑا ذخیر موجودہے اور اس کو لفٹ کرنے کے لئے جلد ٹینڈر ہوں گے اور امید کی جاتی ہے کہ مہینے کے اندر اندر پانی سے پیدا شدہ مشکلات کو کئی جگہوں پر دور کرلیاجائے گا۔مقامی لوگوں نے اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے مطالبہ کیا کہ علاقہ جات میں پانی کی شدید قلت کو دور کرنے کے لئے خصوصی توجہ دی جائے ۔
 

تازہ ترین