وی ڈی سی ممبران 2 برس سے اجرت سے محروم | بقایاجات کی ادائیگی و سبھی کمیٹیوں کو اجرت فراہم کرنے کا مطالبہ

تاریخ    19 اکتوبر 2020 (30 : 12 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //وی ڈی سی یونین ضلع ڈوڈہ نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنانے و 2006 کے بعد سے قائم کمیٹی ممبران کو ماہانہ اجرت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ضلع صدر وی ڈی سی یونین جگدیو سنگھ ٹھاکر نے حکومت پر وی ڈی سی ممبران کے ساتھ سوتیلے پن کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سرکار ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو وفا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی ریلیوں کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں نے وی ڈی سی ممبران کو مالی طور مضبوط بنانے کے دعوے کئے تھے لیکن تاحال کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔انہوں نے کہا کہ 2018 سے وی ڈی سی ممبران تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ 2006 کے بعد قائم کی گئی کمیٹیوں میں شامل ممبران تنخواہ کے بغیر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ وی ڈی سی ممبران کے ساتھ انصاف کیا جائے اور ان کی دیرینہ مانگ کو پورا کیا جائے۔
 

تازہ ترین