آنے والے ایام میں غیر ملکی جنگجوئوں پر توجہ مرکوز ہوگی: وجے کمار

تاریخ    18 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں وکشمیرپولیس کے صوبائی سربراہ وجے کمار نے کہا ہے کہ آنے والے ایام میں غیرملکی جنگجوئوں پرتوجہ مرکوز کی جائیگی ۔ان کاکہناتھاکہ کشمیر کو جنگجویت اورجنگجوئوں سے پاک کرنا تمام سیکورٹی ایجنسیوں کی اولین ترجیح ہے ، اور اس ضمن میں کامیاب کارروائیاں انجام دی جارہی ہیں ۔ وجے کمار کاکہناتھاکہ خفیہ اطلاعات، نیٹ ورک اورجدیدٹیکنالوجی کی مددسے پولیس اوردیگر سیکورٹی ایجنسیوں کو جنگجوئوں کی نقل وحمل اوراُن کے منصوبوں کے بارے میں بروقت معلومات حاصل ہورہی ہیں ،اورپھرکسی علاقہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملتے ہی اُن کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔آئی جی پی نے کہاکہ رواں ماہ جنگجوئوں کیخلاف روبہ عمل لائے گئے آپریشن کامیاب رہے ،کیونکہ ان کارروائیوں کے دوران ابتک 13سرگرم جنگجوئوں کو جاں بحق کیا گیا،جن میں لشکر کمانڈر سیف اللہ سمیت4غیرملکی بھی شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پچھلے 2ہفتوں میں جنگجومخالف آپریشنوں کے دوران2جنگجوئوں کو گرفتارکیاگیا ۔آئی جی پی کاکہناتھاکہ جب جنگجوکسی علاقہ میں پھنس جاتے ہیں اورسیکورٹی ایجنسیاں اُن کے فرارہونے کے سبھی راستوں کوسیل کردیتے ہیں تومحصور جنگجوئوں کوخودسپردگی یاسرنڈر کاپوراموقع دیاجاتاہے ،لیکن معقول جواب نہ ملنے کے بعد ہی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔وجے کمارنے حالیہ جنگجومخالف کارروائیوں کوسیکورٹی ایجنسیوں کیلئے بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے ایام میں غیرملکی جنگجوئوں پرتوجہ مرکوز کی جائیگی ۔انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں پولیس اوردیگرسیکورٹی ایجنسیوں کی زیادہ ترتوجہ غیرملکی جنگجوئوں کیخلاف آپریشنوںپرمرکوز رہے گی ۔
 

تازہ ترین