سرسید احمد خان کی یوم پیدائش

کشمیر یونیورسٹی میں تقریب منعقد

تاریخ    18 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر//ممتاز مفکرماہر تعلیم اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خان کی 203 ویں یوم پیدائش کے موقع پرکل یہاں کشمیر یونیورسٹی میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔جس میں کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد ، سنٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر ، ڈین اکیڈمک افیئرس ،پروفیسر اکبر مسعود اور رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر نیسرسید احمد خان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔پروفیسر طلعت احمد نے سرسید احمد خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرسید احمد خان نے ملک کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر جوتعاون دیا،اسکی کوئی مثال نہیں ہے۔انہوں نے کہا  "اس مشن کو جاری رکھنا ہی ہمارے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم کی طرف لے جائے گا کیونکہ تعلیم ہی قوم کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جانے کا واحد راستہ ہے‘‘۔پروفیسرمعراج الدین میر نے کہا"آج اس تقریب کا حصہ بننا ہم سب کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ آج آپ دنیا میں جہاں بھی جائیں ، آپ کو ایک سائنسدان ، انجینئر ، ایک ڈاکٹر ملے گا جو فخر سے کہے گا کہ وہ علی گڈھ مسلم یونیورسٹی کا طالب علم رہا ہے‘۔‘انہوں نے کہا کہ سرسید احمد خان لوگوں کو یہ تعلیم دینے کے مشن کی قیادت کرتے تھے کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم کس طرح اور کیوں ضروری ہے۔ انہوں نے اپنے مشن میں کامیابی حاصل کی ، جو اس حقیقت کوظاہر کرتا ہے کہ اے ایم یو ، جو ایک چھوٹے سے کالج کی حیثیت سے شروع ہوا تھا ، آج ملک کی سب سے بڑی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے۔اس موقعہ پراے ایم سی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن کی طرف سے تیار کی گئی ایک دستاویزی فلم کی نمائش کی گئی۔
 

تازہ ترین