تازہ ترین

سرکاری ہسپتالوں میں کورونا دور میں 49 ہزار زچگیاں انجام: اٹل ڈلو

تاریخ    16 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


جموں //یو این آئی// محکمہ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اٹل ڈلو نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں کورونا وبا کے بیچ بھی مختلف سرکاری ہسپتالوں میں سال رواں کے اپریل سے ستمبر تک زائد از 49 ہزار زچگیاں انجام دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے بیچ غیر کووڈ 19 مریضوں کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔موصوف نے یو این آئی کو بتایا: 'کورونا کے بیچ یونین ٹریٹری کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں سال رواں کے ماہ اپریل سے ماہ ستمبر تک 49 ہزار 1 سو 23 زچگیاں ہوئی ہیں جن میں 16 ہزار 5 سو 23 سیزیرن کیسز جبکہ 15 ہزار 3 سو 63 جراحیاں انجام دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں غیر کووڈ مریضوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام تر ممکن  انتظامات کئے گئے۔مسٹر ڈلو نے کہا کہ اس عرصے کے دوران ہسپتالوں میں زائد از ڈھائی لاکھ نان کووڈ 19مریضوں کو داخل کیا گیا اور قریب ساٹھ لاکھ مریضوں کا مختلف شعبوں میں معمول کا ملاحظہ کیا گیا۔موصوف نے کہا کہ ان مہینوں کے دوران لیبارٹریوں میں قریب 19 لاکھ ایکسرے ٹیسٹ، زائد از ڈیڑھ لاکھ الٹرا ساؤنڈ اور زائد از ایک لاکھ ای سی جیز بھی کئے گئے۔