فلپ کارٹ ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کے ساتھ اشتراک

سمرتھ پروگرام کے تحت مقامی کاریگر اور دستکارآن لائن سٹور قائم کریں گے

تاریخ    16 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


 سرینگر //بھارت کے مقامی ای کامرس بازار فلپ کارٹ  نے مقامی فن، دستکاری اور ہینڈلوم شعبوں کو فروغ دینے کی غرض سے مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر کی انتظامیہ کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرکے ان تمام شعبوں کو ای کامرس کے زمرے میں شامل کرلیا ہے۔ جے اینڈ کے ہینڈلوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر حشمت علی یتو اور فلپ کارٹ گروپ کے چیف کارپوریٹ افیئرس آفیسر رجنیش کمار نے ایک ورچیول تقریب کے دوران مفاہمت نامے پر دستخط کئے۔تقریب میں جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا، ان کے مشیر کے کے شرما،چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم(آئی اے ایس) اور کمشنرسیکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس منوج کمار دویویدی(آئی اے ایس) بھی موجود تھے۔اس ورچیول تقریب میں جموں کشمیر کے کاریگروں اور نور بافوں نے بھی حصہ لیا جو اس اقدام کے تحت ای کامرس سے مستفید ہونے کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ فلپ کارٹ(Flipkart) سمرتھ پروگرام کے تحت جموں اینڈ کشمیر ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کے ساتھ یہ اشتراک جموں کشمیر کے مقامی کاریگروں، نوربافوں اور دستکاروں کو اپنی مستند اشیاء ملک بھر کے لاکھوں صارفین کے سامنے پیش کرنے کا موقعہ فراہم ہوگا۔دونوں فریقین سماج کے ان پسماندہ طبقوں کیلئے کاروبار میں اضافے اور انہیں تجارت میں شامل کرنے کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے، تاکہ میڈ اِن انڈیا کی کوششوں کو مزید تقویت مل سکے۔ مفاہمت کی یادداشت کے تحت فلپ کارٹ (Flipkart) مقامی کاریگروں اور دستکاروں کو ساتھ لیکر جموں کشمیرمیں تیار کردہ ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹس کی بہترین اشیاء کے ساتھ ساتھ انفرادی اورمقامی سرکار کے ساتھ منسلک کاریگروں اور دستکاروں کو فروغ دے گا۔ اس اقدام کے تحت فلپ کارٹ سمرتھ کا مقصد نہ صرف ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹس کے شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا بلکہ دستکاربرادری کی اقتصادی حالت میں بہتری لانا بھی ہے۔اس موقعے پرجموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ یہ جموں کشمیر کے کاریگروں اور نور بافوں کیلئے ایک تاریخی دن ہے ، آگے چل کر یہ اشتراک نہ صرف دیہی معیشت کو تقویت بخشے گا بلکہ دنیا بھر میں مشہورجموں کشمیر کے ہینڈ لوم اور ہینڈ کرافٹس اشیاء کو ملک بھر کے بازار میں لانے میں بھی مدد گار ثابت ہوگا‘‘۔جے اینڈ کے ہینڈلوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر حشمت علی یتو (کے اے ایس)  کا کہنا تھا’’ جموں کشمیر ہینڈلوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کو فلپ کارٹ انڈیا کے ساتھ اس اشتراک میں شامل ہونے پر خوشی محسوس ہورہی ہے ، اس مفاہمت سے مقامی ہنر مند کاریگروں اور دستکاروں اور خواتینکے تیار کردہ  عالمی شہرت یافتہ فن پاروں کیلئے وسیع تر کاروباری مواقع کھل جائیں گے ۔اس سے لاکھوں کاریگر اور دستکار مستفید ہونگے جس کے نتیجے میں مرکز کے زیر انتظام اس علاقے میں ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹس کی صنعت کو مضبوط بنانے میں بڑے پیمانے پر مدد ملے گی‘‘۔ فلپ کارٹ گروپ کے چیف کارپوریٹ افیئرس آفیسر رجنیش کمار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں جموں کشمیر کے مقامی ورثہ کو اپنے پلیٹ فارم پر لانے کیلئے جے اینڈ کے ہینڈلوم اینڈ ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کے ساتھ اشتراک پر مسرت محسوس ہورہی ہے، جموں کشمیر کے کرافٹس اور ہینڈلوم کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے ، اس اشتراک کے ذریعے ای کامرس نہ صرف مقامی کاریگروں اور دستکاروں کو ملک بھر کے صارفین تک رسائی حاصل ہوگی بلکہ بلکہ مقامی سطح پر اقتصادی سرگرمیوں میں بھی تقویت بخشے گا، اس سمجھوتے سے ہزاروں کاریگر ای کامرس سے مستفید ہونگے اور وہ اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے قابل ہونگے۔ای کامرس خاص طور پرگزشتہ چھ ماہ کے دوران صارفین اور مقامی MSMEsکو جوڑنے والی ترجیحی چینل کے بطور سامنے آئی ہے ۔فی الوقت فلپ کارٹ (Flipkart)بیچنے والوں کے کاروبار کو بڑھا وادینے اور انہیں تہواروں کے سیزن کیلئے تیار کرنے کیلئے صرف شمالی بھارت میں 85ہزار بیچنے والوں اور چھوٹے تاجروںکی ایک وسیع بنیاد کے ساتھ کام کررہا ہے۔  

تازہ ترین