تازہ ترین

گول میں سڑکوں کی حالت ابتر

تاریخ    16 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


زاہد بشیر
گول//سب ڈویژن گول میں سالہا سال سے درجنوں سڑکیں خستہ حالت کا شکار ہیں اور ان سڑکوں پر ٹریفک کو بر قرار رکھنے کے لئے محکمہ تعمیرات عامہ کوئی توجہ نہیں دیتا ۔ سڑکوں کے بیچوں بیچ شدید بارشوں کے دوران کھڈے پڑجاتے ہیں اور سالہا سال سے ان سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی۔ گول تتا پانی سڑک ہویاپرتمولہ بائی پاس ،پرتمولہ کریشر موڑ ، مکجی داڑم روڈ، آئی ٹی آئی روڈ ، داچھن گلی سے زیرو پوائنٹ تک، اپر دلواہ ، گمبیری روڈ، سرنڈا گھمیری روڈ، تتا پانی روڈ وغیرہ تمام روڈوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہے ۔ سرنڈا گمیری روڈ پر محکمہ نے سات سا ل قبل کٹائی کی تھی لیکن تب سے اب تک اس کی طرف محکمہ نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ اس کے علاوہ گول تتا پانی روڈ پر کئی جگہوں پر بڑے بڑے کھڈے بنے ہوئے ہیں جس وجہ سے چلنا کافی دشوار بنا ہوا ہے۔ اس طرح سے تمام سڑکوں پر سالہا سال سے کھڈے پڑے ہیں اور محکمہ ان کھڈوں کو برابر کرنے اور ٹریفک کو جاری و ساری رکھنے میں کوئی قدم نہیں اُٹھا رہا ۔ جانوں کو جوکھم میں ڈال کر لوگ ان سڑکوں پر مجبوری کے مارے سفر کر تے ہیں ۔اگر چہ پہلے محکمہ کبھی کبھار سڑکوں کے رکھ رکھائو کے لئے تھوڑا بہت کام کرتا تھا اور مزدوروں کو لگا کر ان کھڈوں کو بھر کر کام چلاتا تھا لیکن چند سال سے محکمہ سڑکوں کو بہتر بنانے کے لئے کوئی بھی کام نہیں کر رہا جس وجہ سے ان کی حالت ابتر ہو گئی ہے ۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ اگر تمام سڑکوں پر تار کول بچھانا ممکن نہیں ہے تو کم از کم ان سڑکوں پر ٹنلوں سے نکلنے والا ملبہ ہی بچھادیاجائے ۔