شیخ پورہ سنگھ پورہ محکمہ بجلی کی عدم توجہی کاشکار | بجلی کی ترسیلی لائنیں لکڑی کے کھمبوں کے ساتھ آویزاں

تاریخ    15 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ سنگھ پورہ میں اگرچہ 12 سال قبل سرکار نے علاقہ کو بجلی فراہم کی لیکن باجود اسکے آج بھی علاقہ میں بجلی کی ترسیلی لائنیں لکڑی کے بوسیدہ کھمبوں کیساتھ بندھی ہوئی ہیں جنہیں آج تک تبدیل نہیں کیا گیا۔ انتظامیہ کی گھر گھر روشن کرنے والی سوبھاگیہ سکیم بھی علاقہ میں زمینی سطح پر نہیں دکھائی دے رہی ۔اگرچہ علاقہ میں بجلی کا نظام موجود ہے لیکن مقامی لوگوں کی مشکلات میں کوئی کمی نہیں ہوئی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ پورے سنگھ پورہ علاقہ میں بجلی کا  نظام موجود ہے لیکن زیادہ مشکلات شیخ پورہ و ہندگام کے لوگوں کو اٹھانی پڑرہی ہیںجبکہ علاقہ میں متعدد مقامات پر لکڑی کے بوسیدہ کھمبے لگائے گئے ہیں جن سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتاہے۔ علاقہ میں کوئی بھی فورمین نہیںجس سے بھی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ا علیٰ حکام کو متعدد مرتبہ اپنی مشکلات سے آگاہ کیا گیالیکن ہر بار انہیں طفل تسلیاں دی گئیں اورزمینی سطح پر کوئی بھی کام انجام نہیں دیاجاتا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگے سردیوں کاموسم ہے جس دوران بجلی کئی کئی روز تک غائب رہے گی ، اگر وقت پر انتظام نہ کیا گیا توانہیں سردیوں کے موسم میں کافی مشکلات اٹھانی پڑیں گی۔ ایک مقامی خاتون نے بتایا کہ اسکے گھر کے بالکل قریب بجلی کی لائن لکڑی کے کھمبے کے ساتھ لگی ہوئی ہے جس سے اسکے گھر کو ہروقت خطرہ لاحق ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اگرچہ وہ کئی سال سے محکمہ کے ملازمین سے بجلی پول و تار لگانے کی مانگ کررہی ہے لیکن آج تک اس کی بات کو نہیں سناگیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انکے گھروں میں بجلی کے میٹر بھی نصب کئے گئے ہیں اور ماہ کرایہ بھی وصول کیاجارہاہے لیکن سپلائی کا نظام انتہائی خراب ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کریں اور ترسیلی لائنوں اور بجلی کے نظام میں بہتری لائی جائے ۔
 

تازہ ترین