کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کی حکمت عملی | نامیاتی سبزیاں اُگانے والوں کے ساتھ پرنسپل سیکریٹری زراعت کا تبادلہ خیال

تاریخ    14 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//پرنسپل سیکریٹری زرعی پیدوار اورکسان بہبود محکمہ نوین کمار چودھری نے زراعت کمپلیکس لال منڈی میں آرگنِک ویجی ٹیبل گروئورس(قدرتی طور سبزیاں اُگانے والوں) کے ساتھ ایک اِنٹریکٹیو سیشن منعقد کیا اور وہاں حال ہی میں اِفتتاحی آرگنِک وِیجی ٹیبل سیل سینٹر کا معائینہ کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے کاشتکاروں اور اَفسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اِضافہ کرنے کے لئے اِقدامات اور بہتر مارکیٹنگ پلیٹ فارم فراہم کرنے کی طرف توجہ دے رہا ہے۔نوین کمار چودھری نے کہا کہ آرگنِک مصنوعات کی طلب میں کئی گُنا اِضافہ ہوا ہے کیوں کہ کھانے کا معیار اور حفاظت دو اہم عوامل ہیں جو صحت کے لئے بہت ضروری ہے اور یہ دونوں چیزیں عام صارفین کے لئے توجہ کا مرکز بناہوا ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے آرگنِک ویجی ٹیبل مارکیٹ کے بارے میںکہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اس طرح کے مارکیٹوں کا قیام سب ڈویژن سطح پر کیا جائے تاکہ صارفین کو صحیح قیمت پر صحیح مصنوعات مل سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ مارکیٹ نوجوان کاروباری اَفراد میں روزگار کی فراہمی کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ کسانوں اور صارفین کو ای ۔مارکیٹنگ سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک پلیٹ فارم تشکیل دیں۔اُنہوں نے کاشت کاروں کو صارفین کے لئے اِس طرح کی مارکیٹنگ سہولیات فراہم کرنے کے لئے اُن کی کاوشوں کو سراہا اور محکمہ زراعت کے کردار کی تعریف کی۔اِس موقعہ پر ناظم زراعت کشمیر الطاف اعجازاَندرابی نے کہا ہے کہ آرگنِک سبزیاں باقاعدگی سے کھانوں کی کھپت کا لازمی جزو بن رہی ہیں جس کے لئے محکمہ متعدد اقدامات اُٹھا رہا ہے۔تبادلہ خیال کے دوران کاشتکاروں نے پرنسپل سیکرٹری اور محکمہ کا شکریہ اَدا کیا کہ انہوں نے اپنی مصنوعات کو براہ ِراست صارفین کو فروخت کرنے کے لئے جگہ فراہم کی۔اِس موقعہ 
پر جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن چودھری محمد اقبال ، جوائنٹ ڈائریکٹرایگریکلچر اِن پُٹس امیر الدین اَندرابی ، پروجیکٹ کوآرڈی نیٹر مشرومز فاروق احمد شاہ ، تمام اضلاع کے چیف ایگریکلچر آفیسر اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
 

تازہ ترین