تازہ ترین

بی جے پی رہنما کے گھر میں مشتبہ فائرنگ | پولیس نے تحقیقات شروع کردی،علاقہ کا محاصرہ

تاریخ    12 اکتوبر 2020 (30 : 12 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر//سیکورٹی فورسز نے مینڈھر کے بالاکوٹ علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک رہنما کے گھر کے اندر مشتبہ فائرنگ کے بعد محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا۔اتوار کی صبح ساڑھے تین بجے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں تین سے پانچ گولیاں چلائی گئیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صبح قریب ساڑھے تین بجے علاقے کے لوگوں نے بالاکوٹ میں بی جے پی رہنما کے گھر کے اندرتین سے پانچ گولیوں کی آواز سنی اورگولیوں کے نشانات کمرے کی ایک دیوار پر بھی دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع نے بتایا،’’مذکورہ رہنما کے پی ایس او نے بھی کچھ گولیاں چلائیں اور یہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکا کہ پی ایس او نے کسی مشکوک حرکت کا مشاہدہ کرنے کے بعد فائرنگ کی تھی یا وہ جوابی فائرنگ میں مصروف تھا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اطلاع ملنے کے فورا ًبعد ہی پولیس اور فوج کی ٹیمیں موقعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جو شام تک جاری رہا۔ذرائع کاکہناتھا،’’فوج اور پولیس دونوں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جہاں بی جے پی رہنما کا مکان واقع ہے اور اس کی وسیع تلاشی لی گئی‘‘۔سینئر سپرانٹنڈنٹ پولیس پونچھ رمیش انگرال نے تصدیق کی ہے کہ واقعہ میں تین سے پانچ گولیاں فائر کی گئیں لیکن یہ تفتیش کا معاملہ ہے کہ تمام گولیوں کو پی ایس او نے فائر کیا یا دوسری طرف سے کچھ گولیاں چلیں ۔ان کاکہناتھا،’’ہم نے تلاشی بھی شروع کی جو شام تک جاری رہی‘‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔فائرنگ کا یہ واقعہ بی جے پی لیڈرذوالفقار پٹھان کے گھر کے قریب پیش آیا ۔ پٹھان پارٹی کے مینڈیٹ پر پچھلے اسمبلی الیکشن میں بھی حصہ لے چکے ہیں ۔
 

تازہ ترین