ہائرسکینڈری سکول ٹھٹھارکہ کی حالت ابتر ,ڈیسک ٹوٹ گئے ،دیواریں نیست نابود ،چاردیواری بھی اکھڑگئی

تاریخ    7 اکتوبر 2020 (00 : 02 AM)   


زاہد بشیر
گول//ہائر سکینڈری سکول ٹھٹھارکہ جوکہ سڑک کے بر لب واقعہ ہے لیکن اس کی حالت دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ لاکھوں خرچنے کے با وجود کوئی والی وارث نہیں ۔ ہائر سکینڈری سکول کے گرائونڈ میں لاکھوںکے ڈیسک باہر پڑے ہوئے ہیں جس وجہ سے وہ ٹوٹ پھوٹ ہو گئے اور یہ ڈیسک بارشوں میں بھی باہر ہی ہوتے ہیں ۔ وہیں چار دیواری کی تاربھی کئی جگہوں پر ٹوٹ چکی ہے جہاں سے مال مویشی سکول کے اندر جاتے ہیں ۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی سرپنچ محمد سلیم نے نہایت ہی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح سے خزانہ عامرہ کو کھلے عام لوٹا جا رہا ہے اور کوئی پوچھنے والانہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدار نے لاکھوںروپے خرچ کرکے دیوار دی لیکن پیچھے سے بہت بڑی کھائی ہے جس کو بھرا نہیں گیااور گراونڈ کو سیدھا نہیں کیاگیا ۔چار دیواری کے دوران تاربھی لگائی گئی جو کئی جگہوں پر مکمل طو رپر ٹوٹ گئی ہے جہاں سے آرام سے مویشی اندر آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑی غیر ذمہ داری کی بات ہے کہ لاکھوں کے ڈیسک باہر رکھے گئے ہیں اوربارش ہو یا دھوپ انہیں لا وارث چھوڑ دیاگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکول انتظامیہ کی بہت لا پرواہی کا کھلا ثبوت ہے اور سکول انتظامیہ کو چاہئے کہ اگر سرکار کی طرف سے کوئی پیسہ سکول کی تعمیر کے لئے آتا ہے تواسے صحیح طریقے سے زمینی سطح پرخرچ کرے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد سکول کی حالت کو بہتر بنایا جائے ورنہ انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا جائے گا اور اس طرح سے خزانہ عامرہ کو لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔
 

تازہ ترین