تازہ ترین

اننت ناگ،قاضی گنڈ اورگاندربل میں سڑک حادثات | کمسن بچی اورخاتون سمیت 3ہلاک

مینڈھر میں شہری پانی کی ٹینکی میں گرکر ازجان

تاریخ    5 اکتوبر 2020 (00 : 12 AM)   


عارف بلوچ+ارشاداحمد
اننت ناگ//اننت ناگ،قاضی گنڈ اورگاندربل میں سڑک کے الگ الگ حادثوں میں کمسن بچی اور خاتون سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مینڈھر میں ایک شہری پانی کی ٹینکی میں گر کر ازجان ہوا۔ویسوقاضی گنڈ میں ٹریکٹر اور سکوٹی کے درمیان ٹکر کے نتیجے میںسکوٹی سوار ہلاک ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق ویسوقاضی گنڈ کے مقام پر ایک ٹریکٹر اور سکوٹی کے درمیان زوردار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں سکوٹی سوارعادل سلطان ڈار ولدمحمدسلطان ساکن بنگہ ڈاراننت ناگ موقعہ پر ہی ہلاک ہوا۔پولیس نے ٹریکٹر ڈرائیور کو حراست میں لے کر کیس درج کرلیاہے۔دریں اثناء اننت ناگ ضلع کے پچھ پورہ سنگم علاقے میں ایک راہ چلتی بچی آبرو دختر ریاض احمد کھانڈے کو ایک تیز رفتارسینٹرو گاڑی زیر نمبر HP -09C- 0189نے زور دار ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں بچی شدید زخمی ہوکر زمین پر گر پڑی ۔اس دوران آس پاس کے لوگوں نے خون میں لت پت بچی کو ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قراردیا ۔ پولیس نے فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ کر معاملے کی تحقیقات شروع کردی ۔ بارسوگاندربل میںایک تیز رفتار ٹپر نے موٹرسائیکل کو شدید ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پرسوار خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی جبکہ اس کا شوہر زخمی ہوگیا۔بارسو کے مقام پر تیز رفتار ٹپر زیر نمبر JKOIG-1163نے مخالف سمت سے آرہے موٹرسائیکل زیر نمبر JKO5D-2138کوزوردار ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں سکوٹر پر سوار کلثومہ زوجہ شوکت احمد ڈار ساکن بارسو گاندربل موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔عینی شاہدین کے مطابق ٹپر بہت تیز رفتاری سے چل رہا تھا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹپرڈرائیور کوگرفتار کرکے ٹپر ضبط کیا۔قانونی لوازمات مکمل کرکے مہلوک خاتون کی لاش پسماندگان کے حوالے کردی گئی۔ ادھر ضلع پونچھ کے چنگان مینڈھرگائوں میں ایک شخص گھر کے باہرموجودواٹر ٹینکی میں گرکر ازجان ہوا۔معلوم ہواکہ 65سالہ عبدالخالق ولد میرمحمدگھرکے باہر کوئی کام کررہاتھاکہ اس دوران وہ وہاں بنائی گئی ایک واٹر ٹینکی میں گرگیااورلقمہ اجل بن گیا۔ایس ایچ ائو مینڈھرمنظورکوہلی نے بتایاکہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔(مشمولات جے کے این ایس)
 

تازہ ترین