تازہ ترین

کشمیر میں خوشبودار باسمتی چاولوں کی کاشت | بانڈی پورہ میں پہلی فصل کی کٹائی، سائنسدانوں کو مبارکباد

تاریخ    27 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


عازم جان
بانڈی پورہ//کرشی وگیان کیندر بانڈی پورہ نے سنیچر کو باسمتی (خوشبودار چاول) اورایس آر- 4کی پہلی فصل کی کٹائی کی۔اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ضلع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرظہوراحمد میرمہمان خصوصی تھے۔اس موقعہ پرانہوں نے کرشی وگیان کیندر کے پتوشاہی میں دوسوکانل اراضی پرچاول کی نئی اقسام کی کامیاب پیداوار کیلئے سائنس دانوں کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ان اقسام کی بوائی سے پیداوار میں اضافہ ہوگاجس کے نتیجے میں ضلع کے کسانوں کی آمدن بڑھ جائے گی۔انہوں نے اراضی کوبہتر طور استعمال کرنے پر کرشی وگیان کیندرکی سراہنا کی۔انہوں نے متعلقین پرزوردیا کہ وہ کسانوں کو جدید تیکنالوجی سے آگاہ کرنے کیلئے بیداری پروگراموں کا انعقاد کریں ۔ ظہوراحمد میرنے کہا کہ کرشی وگیان کیندرہمیشہ کسانوں کی مدد کی کوشش کرتا ہے تاکہ ان کی پیداوار میں اضافہ ہو۔ اس موقعہ پر پیرزادہ شفاعت حسین دیوانی نے شرکاء کو بتایا کہایک کنال اراضی پر باسمتی چاول کے تین کوئنٹل کی پیداوار ہوتی ہے جبکہ  شالیمارایس آر4ایک کنال میں چار کوئنٹل پیدا ہوتے ہیں ۔  دیوانی نے کہا کہ سینٹر نے مقامی آبادی کو روزگارفراہم کیا ہے جبکہ کسانوں کو نئی تیکنالوجی کے آلات استعمال کرنے کی بھی تربیت دی گئی ۔