ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں : بھٹناگر

تاریخ    24 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مشیر آر آر بھٹناگر نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے ہسپتالوں میں تمام تر سہولیات بہم پہنچانے اور کمیوں کو دور کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدام کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریضوں اور تیمارداروں کی شکایات کو بھی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے سے کوئی گریز نہیں کیا جائے گا۔موصوف مشیر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال کے دورے کے دوران نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا: 'ہسپتالوں میں تمام سہولیات کو فراہم کیا جارہا ہے اور کمیوں کو بھی دور کرنے کے لئے اقدام کئے جار ہے ہیں۔ لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی'۔بٹناگر نے کہا کہ مریضوں اور تیمارداروں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور آکسیجن کی فراہمی میں خلل واقع ہونے سے جس مریض کی موت واقع ہوئی تھی اس میں جانچ کی جا رہی ہے اور جس نے بھی لاپرواہی برتی ہوگی اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آکسیجن کی فراہمی کو دیکھنے کے لئے شفٹوں میں ایک انجینئر کو چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر لگایا ہے اور یہاں آکسیجن سیلنڈر بھی وافر تعداد میں دستیاب ہیں۔اعلیٰ طبقے سے وابستہ لوگوں جیسے بڑے افسروں یا لیڈروں کا جی ایم سی  کے بجائے نارائن سپر سپیشلٹی ہسپتال میں علاج کرانے کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف  نے کہا: 'ہزاروں کی تعداد میں مریض ہمارے ہسپتالوں میں خواہ وہ پی ایچ سی ہیں یا ضلع ہسپتال ہیں میں علاج کرا رہے ہیں ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کو ہیلتھ کیئر فراہم کریں، ہم ہی نناوے فیصد مریضوں کا علاج کر رہے ہیں'۔انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں میں کورونا مریضوں میں اچانک اضافہ ہورہا ہے جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ہے اور ہم ان مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر تلاش کر رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ صوبہ جموں میں کورونا کیسز میں گزشتہ چند ہفتوں سے اچانک اضافہ درج ہونے لگا ہے جس سے لوگوں میں تشویش کی ایک لہر دوڑ گئی ہے اور صوبہ کے ہیلتھ کیئر سسٹم پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔یو این آئی 
 
 
 
 

 بارڈر بلاک رام گڈھ میںعوامی دربار

سانبہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے 21 روزہ طویل جن ابھیان/ عوامی مہم کے سلسلے میں ضلع سانبہ بلاک رام گڈھ کا دورہ کیا۔ اَپنے دورے کے دوران انہوں نے جاری جن سنوائی پروگرام میں حصہ لیا اور مقامی لوگوں کے ذریعے کئے گئے مسائل اور مانگوں کی سماعت کی۔انہوں نے مقامی لوگوں مختلف محکموں کے فیلڈ عملے کے ساتھ سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے انفرادی فلاحی سکیموں کی عمل آوری اور ان سکیموں کے فوائد مستحق اور ضرورت مند لوگوں تک پہنچانے کے لئے مختلف اقدامات کی جانکاری حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر سانبہ نے مشیر کو بلاک میں مختلف سکیموں کی عمل آوری ، سڑکوں کی تجدید و مرمت کے کاموں ، تعلیم و صحت شعبوں میں بہتری لانے کے لئے اقدامات اور پانی اور کھیل کود کے سلسلے میں عوامی مانگوں کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ جن ابھیان پروگرام ضلع میں 10؍ ستمبر سے شروع ہوا اور اس دوران عام لوگوں اور افسران کے مابین پنچایتی سطح پر تبادلہ خیال سے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع سانبہ میں بزرگوں ، بیوائوںاور معذور افراد کے لئے پنشن سکیموں کے تحت صد فیصد ہدف مکمل کئے گئے ہیں۔جاری جن ادھیکار اجلاس کے دوران 2900 حق شہریت ، 309 ذاتوں سے متعلق اسناد ، 89 ای ڈبلیو ایس سر  ٹیفکیٹ ، ہیلتھ کارڈس ، کے سی سی کارڈس مستحقین کے حق میں جاری کئے گئے ہیں۔لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے مشیربھٹناگر نے اپنے مطالبات اور معاملات کو واضح کرنے کے مواقع فراہم کرکے عوام کو باہمی منصوبہ بندی کو یقینی بنانے اور بااختیار بنانے کے لئے حکومت کے عہد کی تاکید کی۔
 

تازہ ترین