تازہ ترین

راہ باب صاحبؒ کے آستان عالیہ میں چوری

شہر میں نقب زنی کی بڑھتی وارداتوںپر لوگوں میں تشویش

تاریخ    23 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


ارشاد احمد
 سرینگر//شہر سرینگر میں نقب زنی کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ کے بیچ اپنی نوعیت کے دوسرے واقعہ میں نقب زنوں نے پائین شہر کے عالی کدل علاقہ میں واقع راہ باب  صاحب ؒ کے آستان عالیہ میں نذر ونیاز پر اپنا ہاتھ صاف کیا ۔نقب زنوں نے 21اور22ستمبر کی درمیانی رات کوعالی کدل علاقہ میں واقع  راہ باب صاحب ؒکے آستان عالیہ سے نقدی اڑالی۔یہ شہرسرینگر میں حالیہ دنوں کے دوران اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔نقب زنوں نے مذکورہ آستان عالیہ میں نقب لگاکر لوہے سے بنی سیف توڑ کر اْس میں نذر و نیاز کی رقم پر ہاتھ صاف کرلیا۔یاد رہے کہ نقب زنوں نے12اور13ستمبر کی درمیانی رات کو شہر خاص کے خانیار میں واقع شیخ عبد القادر جیلانیؒ کے آستان عالیہ سے بھی نقدی چرالی تھی۔ مقامی آبادی نے چوری کی اس واردات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ نقب زنوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے سلا خوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے ۔اس دوران پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کیس درج کرکے نقب زنوں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ نقب زنی کو روکنے کے لئے مئوثر اور ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ حالیہ دنوں چوری کی واردات کے معاملات بھی حل کئے گئے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ۔پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سرینگر میں واقع مذہبی مقامات میں چوری کی وارداتوں کو روکنے کے لئے حفاظتی انتظا مات کو مزید مئوثر بنایا جائیگا جبکہ حالیہ چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو کسی بھی طور بخشا نہیں جائیگا ۔(مشمولات کے این ایس)