تازہ ترین

سینٹرل جیل سرینگر میں قیدیوں کیلئے نئی سہولیات | چیف جسٹس نے افتتاح کیا

تاریخ    22 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//جموں کشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس گیتا متل نے سرینگر سنٹرل جیل میں قائم کی گئی نئی سہولیات کا افتتاح کیا ۔ ان سہولیات میں ساؤنڈ پروف کیبنوں پر مشتمل انٹر ویو بلاک ، اطفال دوست کارنر اور خواتین قیدیوں کیلئے علیحدہ انکلیوزر اور ایک بہبودی بلاک جس میں نائی کی دکان ، کنٹین ، جمناسیم، تفریحی ہال ، بیکری اور قیدیوں کیلئے کالنگ سسٹم شامل ہے ۔ ڈی جی پرزن، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری ، ڈی آئی جی پرزنز ، ڈپٹی کمشنر سرینگر اس موقعہ پر موجود تھے ۔ چیف جسٹس نے اپنے خطبے میں قیدیوں کی بہبود کیلئے جیل حکام کی جانب سے کی جا رہی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے جیلوں میں نئی سہولیات کو متعارف کرنے کی سراہنا کرتے ہوئے قیدیوں کو ان کا دورانِ قید بہتر استعمال کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے تقریب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے قیدیوں کو سراہا اور محکمہ جیل خانہ جات عملے اور قیدیوں کو تربیت فراہم کرنے کیلئے اُن کی ستائش کی ۔ سینئر سپرنٹینڈنٹ سنٹرل جیل سرینگر نے اپنے استقبالیہ خطبے میں قیدیوں کی اصلاح اور جیل انتظامیہ میں بہتری لانے کیلئے اٹھائے جا رہے مختلف اقدامات کے بارے میں تفصیل دی ۔ اس موقعہ پر قیدیوں نے ایک ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا ۔ سنٹرل جیل سرینگر میں  CJبیکری تجارتی سطح پر چلائی جائے گی اور اس سے حاصل ہونے والے منافع کابڑا حصہ بیکری میں کام کرنے والے قیدیوں کو ملے گا ۔