تازہ ترین

کاکہ پورہ میں شہری پرقیامت ٹوٹ پڑی | 6گائیں بیک وقت مر گئیں

تاریخ    21 ستمبر 2020 (30 : 12 AM)   


سید اعجاز
پلوامہ// کاکہ پورہ پلوامہ میں اتوار کو اس وقت ایک شخص پر قیامت ٹوٹ پڑی جب شبیر احمد بٹ ساکن چنار کالونی نامی شہری کی6گائیں بیک وقت مر گئیں ۔شبیر احمد نے بتایا کہ انہوں چند سال قبل بنک سے قرضہ حال کر کے ایک فارم بنایا اور گھر کا گزارا بہتر اندازسے چلتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ روزانہ ان گائیوں سے65لیٹر دودھ حاصل کرنے کے بعد اسے بازار میں فروخت کرتا تھا۔انہوںنے بتایاکہ وہ اتوار کی صبح انہیں چارہ ڈالنے کے بعد کھیت پرکام کرنے کی غرض سے گیااور اس دوران انہیں گھر والوں نے فون کر کے مطلع کیا  کہ گائیں شور کر رہی ہیں اور ان کا جسم پھول گیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو بلایا اور جب ڈاکٹر یہاں پہنچے تو ایک ایک کرکے6گائیں منٹوں میں مر گئیںاور وہ ایک بڑے نقصان سے دو چار ہوا۔علاقے میںجونہی یہ خبر پھیل گئی تو لوگ ہاتھ ملتے رہے جبکہ گھر مکمل طور ماتم کدے میں تبدیل ہوا اور متاثرہ کنبے کی خواتین اور ان کے رشتہ دارزاروقطار رونے لگیں ۔ڈاکٹروں کی ٹیم نے بتایاکہ وہ جب یہاں پہنچے تو کسی ایک گائے کی حالت ٹھیک نہیں تھی اور چند منٹوں میں ہی مرگئیں ۔انہوں نے بتایاکہ اس کا پتہ لگایا جارہا ہے کہ آخر کن وجوہات کی بنا  پر اُن کی ہلاکت ہوئی ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ کنبے کا بھرپور تعاون کیا جائے ۔