تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    20 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


 درماندہ 4,65,721 شہریوں کی واپسی

جموں//حکومت جموں وکشمیر نے کووِڈلاک ڈاون کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ جموںوکشمیر کے 4,65,721 شہریوں کو براستہ لکھن پور اور کووِڈخصوصی ریل گاڑیوں اور بسوں کے ذریعے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل پیرا  رہ کر یوٹی واپس لایا۔حکومت نے لکھن پور کے ذریعے اَب تک بیرون ملک سے 934مسافرو ں کویوٹی واپس لایا ہے ۔ اِس طرح جموںوکشمیر حکومت نے اَب تک 150کووِڈ خصوصی ریل گاڑیوں اور براستہ لکھن پور بسو ںکے کاروان میں اَب تک بیرون یوٹی درماندہ 4,65,721شہریو ں کو کووِڈ۔19 وَبا سے متعلق تمام اَحتیاطی تدابیر پرعمل کرکے واپس لایا۔تفصیلات کے مطابق 18 ستمبرسے19 ستمبر 2020ء کی صبح تک لکھن پور کے راستے سے4032 درماندہ مسافریوٹی میں داخل ہوئے جبکہ1132مسافر آج 129ویں دلّی کووِڈ خصوصی ریل گاڑی سے جموں پہنچے ۔اَب تک 129ریل گاڑیوں  میںیوٹی کے مختلف اَضلاع سے تعلق رکھنے والے 119,180 درماندہ مسافر جموں پہنچے جبکہ 21خصوصی ریل گاڑیوں سے 15,696مسافر اودھمپور ریلوے سٹیشن پر اُترے۔
 

سوپور میں بجلی کرنٹ لگنے سے نوجوان زخمی

سوپور//غلام محمد//سوپور میں بجلی کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان شدیدزخمی ہوا۔اطلاعات کے مطابق17برس کا عبید حمید ولد عبدالحمیدساکن ملماپن پورہ کو اُس وقت بجلی کاجھٹکا لگا جب وہ اپنے دکان پر بجلی تاروں کی مرمت کررہاتھا۔اُسے فوری طور سب ضلع اسپتال سوپورلے جایا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے اُسے میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ منتقل کیا۔ا س دوران پولیس نے معاملے کانوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کی ہے۔ 
 
 

جمعیت اہلحدیث کا متاثرین سے یکجہتی کا اظہار

 سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے کھڑی رام بن آتشزدگی واردات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔تنظیم کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انسانی وجود کو لرزہ بر اندام کرنے والے یہ واقعات صبر و ثبات کا تقاضا کرتے ہیں ،متاثر ین ہمت و حوصلہ کے ساتھ سرنو کام کا آغاز کریں تو اللہ تعالیٰ فلاح سے نواز ے گا ۔تنظیم کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے بھی اس سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثر ین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور متاثرین سے کہا ہے کہ مصیبت بہت بڑی ہے لیکن یاس و قنوط کا کسی صورت میںشکار نہ ہو جائیں۔ دریں اثناء جمعیت اہلحدیث تحصیل کھڑی، جمعیت ضلع رام بن، جمعیت تحصیل بانہال، جمعیت ڈسٹرکٹ ڈوڈہ اور ضلعی جمعیت اودھم پور، جموں اور پونچھ راجوری نے بھی متاثر ین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
 

جموں و کشمیر میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کووڈ مریضوں کی صحت متاثر ہورہی ہے

جموں// محکمہ صحت میں بہت سارے معاملات ہیں لیکن آکسیجن کی کمی اب آجکل سب سے بڑا مسئلہ ہے اور محکمہ صحت کے اہلکار صرف کامیابی کے بیانات دے رہے ہیں لیکن زمینی حقیقت اس سے مختلف ہے۔ ہیلتھ اتھارٹیز کے ذریعہ کووڈ مریضوں کو فراہم کردہ ہسپتالوں میں مریض ناقص سہولیات کا رونا رو رہے ہیں، جس کے لئے مریضوں نے ویڈیوز وائرل کردیئے تھے لیکن انتظامیہ سو رہی ہے۔ اس بات کا مشاہدہ سابق وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر رمن بھلا نے گاندھی نگر حلقہ میں ہفتے کے روز گوند پور شیگلی گھر کولیاں کے مشتعل افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر موجود افراد میں افراد میں امرت بالی ، پون بھگت ، شام لال ، جگبیر سنگھ ، گوردیپ سنگھ ، رشپال سنگھ ، امریک سنگھ ، کمل سنگھ ودیگران شامل تھے۔سابق وزیر نے ایل جی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ کووڈ-19 وبائی امراض کے پیش نظر صحت کی دیکھ بھال کی تمام سہولیات بشمول آکسیجن کی مناسب دستیابی کو یقینی بنائے۔ . انہوں نے شہروں کے اندر مائع میڈیکل آکسیجن (ایل ایم او) ٹینکروں کے لئے ’’گرین راہداری ‘‘ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی درخواست کی۔ انہوں نے ہسپتالوں اور اداروں میں آکسیجن مینوفیکچررز کے ساتھ آکسیجن کی فراہمی کے لئے طویل مدتی ٹینڈر / معاہدہ ہیں ، جس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ آکسیجن مینوفیکچرنگ یونٹوں کو بجلی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور بغیر کسی رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور آکسیجن کے فلرز کو سلنڈر بھیجتے ہوئے پروٹوکول کے مطابق آکسیجن سلنڈروں کی مناسب ڈس انفیکشن کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
 

جن ابھیان پروگرام

سمبل میں کسانوں میں مشینیں تقسیم

عازم جان 
 
بانڈی پورہ//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے جن ابھیان پروگرام کے تحت سنیچروار کو سمبل سوناواری میں محکمہ ہارٹی کلچر کے اہتمام سے منعقدہ پروگرام میں حصہ لیکر کسانوں میں دو ٹریکٹراور 5ٹلر سمیت 64مشینیں تقسیم کیں جبکہ 14لاکھ روپے کسانوں میں سبسڈی تقسیم کی۔ ان کے ہمراہ ایس ڈی ایم سمبل ڈاکٹر بشیر احمد لون بھی تھے۔ اس موقع پر اے ڈی سی نے کسانوں اور افسران کو کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ اشتراک کرکے سائنسی تحقیق کے ذریعے جدید طرز عمل اختیار کریں تاکہ محکمہ زراعت اور باغبانی شعبے میں زیادہ سے زیادہ پیدوار حاصل کرسکیں۔اس دوران انہوں نے کسانوں کو درپیش مسائل بغور سنے ۔
 

اونتی پورہ میں بھنگ کی کاشت تباہ

سید اعجاز
 
ترال//اونتی پورہ پولیس نے منشیات مخالف کارروائیوں کے دوران جنگلی بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا۔ پولیس نے ریشی پورہ علاقے میں جہلم کے کنارے وسیع اراضی پر پھیلی جنگلی بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا ۔ پولیس نے لوگوں سے گزارش کی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق کسی بھی جانکاری سے انہیں آگاہ کریں۔
 

انتالیس مویشی بازیاب، ٹرک ڈرائیور گرفتار

رام بن//ایم ایم پرویز//ہفتے کے روز بٹوت پولیس نیانتالیس مویشیوں کو بازیاب کرنے کا دعویٰ کیا جنہیں پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر منتقل کیاجارہاتھا۔اس دوران ایک ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کیاگیا جبکہ دوسراڈرائیور فرار ہوگیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ بٹوت رنجیت سنگھ نے مخصوص اطلاع پرجموں سرینگرقومی شاہراہ پر چیکنگ کے لئے دو ٹرکوں کو روکاجس دوران تلاشی کی گئی اوردونوں ٹرکوں سے 39مویشی ملے۔پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے دوران وہ مویشیوں کے سلسلے میں  کوئی اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہے۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام مویشیوں کو بازیاب کرا لیا گیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ایک ڈرائیور کوگرفتار کرلیاگیاجبکہ دوسرافرار ہونے میں کامیاب ہواجس کی بھی تلاش شرو ع کردی گئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ بٹوت میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
 

 ادبی کُنج جموِں کی تیسری خصوُصی ہفتہ وار ویڈیو نِشست

جموں //عرصہ 45برس سے ادب اور ثقافت کی خدمت میں مصروف کار جموں و کشمیر کی کثیر اللسانی معروُف ادبی تنظیم ’ادبی کُنج جے اینڈ کے نے ماہ ستمبر میں دوُسری ہفتہ وار خصوصی ادبی نشست کا انعقاد کِیا۔جَِس میں محتلف زبانوںاور علاقوں سے تعلق رکھنے والے 4oمعز ز شعراء نے اپنی اپنی بیش قدر تخلیقات کی آڈیوز اور ویڈیوز کے ذریعہ شرکت کی۔ اِس موقعہ پرشاعرات و شعراء حضرت نے اپنی مختلف زبانوں میں نظموں، غزلوں و گیتوںکی آڈیوز اور ویڈیوز میں مُلک و قوم ،ادب و فن اورزندگی و قدرت کے حوالہ سے اپنی دلچسپ اور خوبصورت تخلیقات ارسال کرکے سامعین کو محظوظ فرمایا۔ اِس ہفتے کی ویڈیو نِشست میںشامل ہونے والی شاعرات، گلوکار، شعراء حضرات کے اِسمائے گرامی اِس طرح ہیں:۔ ارش دلموترہ ، شام طالب ، سنتوش شاہ نادان ۔ کے آر ساتھی سلگوترہ ۔ سرورچوہان حبیٖب، چمن سگوچ، ایم ایس کامرا ،  بِشن داس خاک، رمیش آنند سا گر،راہُل اَرمان، رمیش راز ؔکشتواڑی، اشوک پارس شرما، او پی شاکر، عبدال جبّاربٹ، بشیر الحق بشیر، طعیّب بھارتی، معصوُم کِشتواڑی ، فوزیہ مغل ضیا، پارس لدھیانوی، منوہر وِجے واجد ، ترسیم نوُر لُدھیانہ، سادھنا گُپتا لُدھیانہ، کے کے شاکر، سٹار سنگھ ، ڈاکٹر ایس کے جین، پی ایل پریہار، ایس ایم شری دھر، محمّد باقص،بلونتکٹاریہ، نیٖلم ورما،سنگھ سراجی، ہربنس لعل ہرش، شمبھو رام پیاسا،رام پال پالی، رتن بھاردواج، جے آرساگر، گنیش دت اورجتیندر بسن جولی ۔ادبی کُنج کے اِس ویڈیوادبی گروپ کی نَظامت تنظیم کے چئیرمین ارش دلموترہ نے کی۔ جبکہ صدرِ تنظیم شام طالب اِس کے نگران تھے۔ 
 

 بھٹناگرکا آج جموں میں عوامی دربار

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر 21؍ستمبر بروزِ سوموار صبح ساڑھے10 بجے سے ساڑھے 12بجے تک بینکٹ ہال کنونشن سینٹر واقع کنال روڑ جموں میں عوامی شکایات کی شنوائی کریں گے ۔ عوامی وَفود اور اَفراد جو اپنی شکایات و مانگیں حکومت کی نوٹس میں لانا چاہتے ہیں وہ  مذکورہ جگہ اور وقت پر مشیر موصوف سے مل سکتے ہیں ۔مشیر سے مذکورہ جگہ سے ملنے والے لوگوں سے اِستدعا کی گئی ہے کہ وہ کووِڈ۔ 19 وَبا کے پیش نظر صحت رہنما خطوط اور پروٹوکال پر عمل پیرا رہیں۔
 

ایمبولینس سے شراب کی 80بوتلیں برآمد

ڈرائیور گرفتار،عوام نے واقعہ کو شرمناک قرار دیا

 

کشتواڑ//گزشتہ رات بٹوت کشتواڑ شاہراہ پر ضلع ہسپتال کشتواڑ کی ایمبولینس سے پولیس نے ٹھاٹھری کے مقام پر شراب کی 80 بوتلیں برآمد کیں۔ ایس ایچ او ٹھاٹھری جاوید اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع ہسپتال کشتواڑ کی ایمبولینس زیر نمبر 3719 JK17-کو دیرشام پولیس ٹیم نے ٹھاٹھری ناکے پر روکا جس دوران اس کی تلاشی لی گئی اوراندر سے80کے قریب شراب کی بوتلیں مریضوں والے بستر کے نیچے سے برآمد ہوئیں ، جسکے بعد پولیس نے ایمبولینس کے ڈرائیور کو گرفتارکرلیا اور اسکے خلاف پولیس تھانہ ڈوڈہ میں ایکسائز ایکٹ کے تحت ایف آئی آردرج کیاگیاہے۔انہوں نے بتایاکہ اس معاملے میں تحقیقات جاری ہے۔ڈرائیور کی شناخت کلونت ولد منشی رام ساکن سینماکالونی کے طور پر ہوئی ہے جو ڈوڈہ سے کشتواڑ جارہا تھا۔اس واقعہ پر ضلع کی عوام میں سخت غم وغصہ پایا جارہا ہے۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ شرمسار کرنے والا واقعہ ہے کہ محکمہ کا ملازم اسطرح ایمبولینس میں کھلے عام شراب لیکر جارہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ وقت پر مریضوں کو ایمبولینستک فراہم نہیں کرپاتی اوران کا علاج نہیں ہوپاتالیکن ان ایمبولینس گاڑیوں میں غیرقانونی طور شراب کا دھندہ کیاجارہاہے جو انسانیت کو شرمسار کرنے والا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگی کی تاکہ آئندہ ایسی گھنائونی حرکت نہ ہوسکے۔
 

نالہ بشلڑی سے ریت بجری نکالنے کا معاملہ

چھاپہ مار کارروائی میں کھدائی کے اوزار ضبط

 
بانہال// ضلع رام بن میں ڈگڈول کے مقام نالہ بشلڑی سے غیر قانونی طور نکالی جارہی ریت اور بجری کے خلاف لوگوں کی طرف سے اواز بلند کرنے کے بعد اس رقبہ کی مشترکہ جانچ کیلئے محکمہ مال ، محکمہ جنگلات اور مقامی لوگوں کی ایک ٹیم نے 07 ستمبر کوڈگڈول کے علاقے کا دورہ کیا تھا اور اس کے چند روز بعد ریت اور بجری نکلانے کا کام دوبارہ شروع کیا گیا تھا جبکہ محکمہ مال نے 592 کنال اراضی کا رقبہ محکمہ جنگلات کی ملکیت قرار دیا گیا تھا۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گڈول کے مقامی زمینداروں اور لوگوں کی طرف سے اس نا انصافی کے خلاف اواز بند کرنے کے بعد محکمہ جنگلات اور محکمہ مال کی نشاندہی کے باوجود بھی راکیش سنگھ نے نالہ بشلڑی سے ریت اور بجری نکالنے کاسلسلہ جاری رکھا ہوا تھا اور سنیچر وار کو اس غیر قانونی نکاسی ریت اور بجری کے خلاف محکمہ جنگلات رام بن نے چھاپہ مار کارروائی کی اور وہاں ریت نکال رہے لوگوں کے بیلچہ ، گینتی اور دیگر سامان ضبط کیا گیا
 

خطہ چناب کے سینئر صحافی فوت

آزاد سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات کا اظہار افسوس

ڈوڈہ //خطہ چناب کے سب سے پرانے صحافی اور جے کے رپورٹر میگزین کے مدیر اعلیٰ رنبیر منہاس کا حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوگیا وہ 75 برس کے تھے۔ مرحوم کا تعلق بھدرواہ کے علاقہ سرتنگل سے تھا وہ ایک صحافی ہونے کے ساتھ سیاسی و سماجی کارکن اور بہترین قلمکار تھے۔ ان کا شمار خطہ چناب کے صف اول کے صحافیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے نوے کی دہائی میں جے کے رپورٹر کے نام سے ایک میگزین جاری کیا تھاجو کہ پہلے دہلی سے شائع ہوتاتھا تاہم 1999 سے 2008 تک جموں سے شائع ہوتا تھا اور بعد میں آن لائن شروع کیا۔ادھر سابق وزیر اعلیٰ و راجیہ سبھا میں موجودہ حزب اختلاف رہنما غلام نبی آزاد نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ سے انہیں ذاتی طور پر صدمہ پہنچا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مجھے منہاس کے ساتھ
 ذاتی تعلقات تھے اور ان دنوں سے اسے جانتا ہوں جب وہ یوتھ کانگریس کے ضلع صدر ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک وفادر دوست اور بہترین سماجی کارکن کھو دیا ہے۔
 

رام بن میں 43نئے کیس درج ، خاتون فوت

 ایم ایم پرویز
 
رام بن//بانہال میں کورونا کے باعث ایک معمر خاتون کی موت کی اطلاع ملی ہے جبکہ ہفتہ کے روز ضلع سے 43افراد کورونا مثبت پائے گئے۔ ناگبل بانہال سے تعلق رکھنے والی 85سالہ خاتون کا جمعرات کے روزکورونا ٹیسٹ مثبت آیاتھاجس کے بعد اسے گھر میں ہی الگ تھلگ کردیاگیاتاہم اس کی گزشتہ شب موت ہوگئی۔متاثرہ افراد میں سے بیشتر دکاندار ہیں۔ڈپٹی کمشنر رام بن ناظم زئی خان نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کام کی جگہوں پر احتیاطی تدابیرکو یقینی بنائیں۔ضلع میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔
 

کشتواڑ میں کورونا کے 38نئے معاملات

عاصف بٹ
 
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے مزید 38نئے معاملات درج کئے گئے جس کے ساتھ ہی متاثرین کی کل تعدادبڑھ کر 830ہوگئی ہے۔ریپڈسمپلنگ کے دوران مثبت معاملوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انتظامیہ نے نمونوں کی جانچ کیلئے متعدد ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو مختلف مقامات پر سمپلنگ کررہی ہیں۔ ضلع میں گزشتہ  چوبیس گھنٹوں کے دوران 27افراد اس وبائی بیماری سے صحت یاب ہوئے جبکہ 411افراد کا علاج چل رہا ہے۔
 

راجستھان کے2 افراد35کلوگرام چرس سمیت گرفتار

جموں//اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس (اے این ٹی ایف) نے دو غیر مقامی بھائیوں کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے ان کے قبضے سے 35 کلوگرام چرس برآمد کی۔ایس ایس پی ونے شرما نے بتایا’’ہمیں انٹیلی جنس سے مخصوص اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد شہر کے مضافات میں نگروٹہ نروال بائی پاس میں کھڑے ٹرک زیر نمبر RJ10GB-3411کی تلاشی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ یہ ٹرک کشمیر میں سیبوں سے بھراگیا تھا اور اسے ممبئی کے میں پہنچایا جانا تھا۔ چیکنگ کے دوران ایس ایس پی نے بتایا کہ انہوں نے 35کلو پیکٹ برآمد کئے جو سیب کے ڈبوں میں چھپے ہوئے تھے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک کلوگرام چرس کی قیمت ساڑھے چار لاکھ روپے ہے۔ان کاکہناتھا’’اسے جنوبی کشمیر کے بجبہاڑا علاقے سے ممبئی منتقل کیا جارہا تھااور ہم ان افراد کی تلاش کر رہے ہیں جنہوںنے یہ منشیات بھیجی تھی اور جن کو ممبئی میں اسے وصول کرناتھا‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ایس ایس پی اے ٹی این ایف نے بتایا کہ انہوں نے دو بھائیوں کی شناخت علی محمد اور امین خان کے طور پر کی ہے جو راجستھان کے اجمیر کے رہائشی ہیں۔
 
 

ڈوڈہ میں کورونا متاثرین میں بتدریج اضافہ

عوامی حلقوں میں تشویش، گندوہ بازار ایک ہفتہ کیلئے بند

اشتیاق ملک
 
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عوامی حلقوں میں سخت تشویش پائی جارہی ہے وہیں انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف و ہراس کے بجائے حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور ماہرین کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔ ضلع میں کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ڈوڈہ، بھدرواہ و بھلیسہ کے کئی علاقوں کو کنٹینمنٹ زون قرار دے کر سخت بندشیں عائد کیں ہیں۔ ادھر سب ڈویڑن بھلیسہ میں واقع گندوہ مارکیٹ آج سے ایک ہفتہ کے لئے مکمل بند رہے گا۔ڈوڈہ ضلع میں کورونا وائرس متاثرین کے185 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں جو کہ آج تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ضلع میں مثبت کیسوں کی مجموعی تعداد 988 ہو گئی ہے وہیں آج 23 مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور اسطرح سے شفایاب ہوئے مریضوں کی تعداد 530 ہو گئی ہے۔ کووڈ 19 سے ا?ج تک ضلع میں 17 اموات ہوئیں ہیں۔
 

شہری درخت سے گر کرلقمۂ اجل

اشتیاق ملک
 
ڈوڈہ //ڈوڈہ کی تحصیل چلی پنگل کے گائوں گونڈو میں ایک شخص درخت سے گر کر لقمہ اجل بن گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز عبد الغنی ولد غلام قادر شیخ (55)اخروٹ اتار رہا تھا جس دوران اس کا پائوں پھسل گیا اور نیچے زمین پر گر گیا جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ ادھر متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے اس حادثہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ہے۔
 

کٹرامیں ہیروئن سمیت شہری گرفتار

زاہد ملک
کٹرا//کٹرا میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرتے ہوئے اس کی تحویل سے پانچ گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔منیش کمار ولد پریم کمار ساکن کٹراریاسی کو حراست میں لیاگیا اور اس کے قبضے سے 5 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ کٹرامیں ایف آئی آرزیر نمبر144/2020 U / S 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شرو ع کردی گئی ہے۔
 

گورنمنٹ پالی ٹیکنیک نے جموں نیوزلیٹر جاری کیا

جموں //گورنمنٹ پالی ٹیکنک جموں نے نیوز لیٹر۔2020  کا شمارہ نمبر 2 جاری کیا ۔ پرنسپل سکریٹری سکول ایجوکیشن اینڈ سکل ڈیولپمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون (آئی اے ایس) نے اپنے پیغام میں نیوز لیٹر کو کالج کی طرف سے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں اور پیشرفتوں کا 'سنیپ شاٹ' قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ نیوز لیٹر بیداری پیدا کرنے ، باہمی تعامل اور ہماری کوششوں کو تقویت بخش کرنے کے لئے کام کرے گااور طلباء و فیکلٹی ممبران کے درمیا رابطہ میں بہتری لائے گا۔ انہوں نے پرنسپل ، ارون بنگوترا ، اور ان کی پوری ٹیم کو ان کی محنت ، لگن اور ٹیم ورک کے لئے بھی مبارکباد پیش کی۔ ڈائریکٹر اسکل ڈیولپمنٹ، جے اینڈ کے سجاد حسین گنائی نے بھی اس اقدام کے لئے پرنسپل ، عملہ اور طلباء کے کاوشوں کی سراہنا کی اور امید ظاہر کی کہ نیوز لیٹرادارے کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے اپنے مقصد کو پورا کرے گا۔ انجینئر پرنسپل گورنمنٹ پالی ٹیکنک جموں ارون بنگوترا نے بھی اساتذہ کے ممبروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نیوز لیٹر کی اشاعت ادارے کی کارکردگی اور ادارے کی مجموعی ترقی کی کوششوں کی عکاسی کرے گی۔ نیو لیٹر کو کالج کے فیکلٹی ممبران ، صنم گپتا ، نجینئر اعجاز فاروق ، انجینئر ساکشی کپائی ، انجینئر آکاش دسگوتر اور وکاس بھارتی نے مرتب کیا تھا۔