تازہ ترین

اسلام آبادمیں بھارتی سفارتکاردفترخارجہ طلب | حدمتارکہ اوربین الاقوامی سرحدپرامن برقراررکھنے کی تاکید

تاریخ    19 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//پاکستانی دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حدمتارکہ پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔پاکستان میں تعینات سفارتکار کو جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے پر زور دیا گیا ۔سی این آئی، کے مطابق بھارت کے سینئر سفارتکار کوپاکستان نے دفترخارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی  کرنے پر شدید احتجاج کیا گیا۔پاکستان کی جانب سے سینئر بھارتی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ سونپاگیا جس میں بتایا گیا کہ حدمتارکہ اور بین الاقوامی سرحدپر بھارتی افواج کی جانب سے شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ رواں سال بھارت نے اب تک جنگ بندی کی 2280 خلاف ورزیاں کی ہیں، گزشتہ روز بھی بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی بلااشتعال فائرنگ سے تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹرز میں دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔پاکستان نے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات جنگ بندی معاہدے سمیت انسانی عظمت ووقار، بین الاقوامی انسانی حقوق و قوانین اور پیشہ وارنہ فوجی طرز عمل کے برعکس اور اس کی صریحا ًخلاف ورزی ہے۔ ایسے اقدامات سے بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹا نہیں سکتا۔پاکستان نے متنبہ کیا کہ بھارت 2003 کے جنگ بندی سمجھوتے کا احترام کرے، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تحقیقات کرائے اور حدمتارکہ پر امن برقرار رکھے، جب کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تفویض کیاگیا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔