۔13ماہ بعد نظر بند پی ڈی پی کے 8لیڈر آزاد

راجیہ سبھا میں سیاسی قیادت کی نظر بندی کا معاملہ اُٹھایا گیا

تاریخ    18 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر // 13ماہ بعد پی ڈی پی کے 8لیڈروں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی گئی۔ اس دوران راجیہ سبھا میں محبوبہ مفتی کی نظر بندی کا معاملہ اٹھایا گیا۔پی ڈی پی لیڈران نے جمعرات کو کہا کہ کئی ماہ تک نظر بند رکھنے کے بعد جموں کشمیر انتظامیہ نے بالآخر پارٹی لیڈران کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دیدی ہے۔سابق وزراء سمیت 8لیڈروں بشمول نعیم اختر، اعجاز میر، محمد یوسف بٹ، غلام نبی لون ہانجورہ، سرتاج مدنی، محمد خورشید عالم، عبدالرحمان ویری اور یوتھ صدر وحید الرحمان پرہ کو 5اگست 2019کو دفعہ 370ہٹانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ سینئر لیڈر اور سابق وزیر نعیم اختر کی جمعرات کو نظر بندی ختم کر دی گئی۔ نعیم اختر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’407 دنوں کی نظر بندی کے بعد مجھے مطلع کیا گیا کہ اب میں آزاد ہوں‘۔ چھوٹی کرم فرمائیوں کے دوران ہماری سر زمین پر بڑے المیے ڈھانے والے حکمرانوں کا مشکور ہوں‘۔محمد یوست بٹ نے کہا کہ انہیں باضابطہ طور پر بتایا گیا کہ بندشیں ہٹائیں گئیں ہیں، وحید پرہ نے کہا کہ بدھ کو وہ پارٹی کی یوتھ میٹنگ میں موجود  تھے اور انہیں بھی اب پلوامہ جانے کی اجازت دی گئی۔ منگل کو  پارلیمنٹ میں مرکزی سرکار نے بتایا تھا کہ کشمیر میں اب کوئی خانہ نظر بند نہیں ہے۔ادھرپی ڈی پی لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ میر فیاض احمد نے جموں و کشمیر میں پچھلے ایک سال سے نظر بند سیاسی لیڈروں ، ورکروں اورپارٹی صدر محبوبہ مفتی کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیڈر پچھلے ایک سال سے نظر بند ہیں۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران  فیاض احمد میر نے کہا کہ 5اگست کو جموں و کشمیر سے دفعہ 370کی تنسیخ کے بعد کئی سیاسی لیڈروں کو اسی رات گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا ’’ ایک سال گزر چکا ہے، کئی لیڈران ا بھی بھی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند ہیں‘‘۔فیاض نے مزید کہا ’’سابق وزیر اعلیٰ اور تین مرتبہ ممبر پارلیمنٹ رہنے والی محبوبہ مفتی پر پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے اسے ملک کیلئے خطرہ قرار دیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ابھی بھی نظر بند ہیں۔فیاض نے مطالبہ کیا کہ گرفتار شدہ افراد کو جلد رہا کیا جانا چاہئے‘۔ انہوں نے کہا کہ مین سٹریم لیڈران کو یہ اندیشہ ہے کہ عوامی مسائل اٹھانے پر انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ 
 

تازہ ترین