تازہ ترین

طلاب کیلئے آن لائن کیرئیر ایجوکیشن پلیٹ فارم کا ای۔ افتتاح

کسی بھی شعبے میں کامیابی کیلئے دلچسپی ہونالازمیـ:منوج سنہا

تاریخ    16 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سرینگر //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آن لائن پروسیس بیس سٹینڈرڈ ڈائیزڈ اینڈ سکیل ایبل کیرئیر ایجوکیشن پلیٹ فارم کا آج یہاں ای افتتاح کیا ۔ آن لائن پروسیس بیسڈ یہ کیرئیر ایجوکیشن پلیٹ فارم جموں کشمیر حکومت نے ٹرانسفارم فاؤنڈیشن کے اشتراک سے شروع کیا ہے جس کا مقصد جموں کشمیر کے نوجوانوں کی توانائیوں، اُن کے ذوق و شوق اور اُن کے خوابوں کو ایک حقیقی شکل دینا ہے ۔ اس کا کلہم مقصد نوجوانوں میں تجسس تخلیقی سوچ اور جانکاری پیدا کرنے کے ساتھ اُن میں فیصلہ سازی کا ہُنر پیدا کر نا ہے ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ تعلیم ، پرنسپل سیکرٹری اطلاعات ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری موجود تھے جبکہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ اس میں شرکت کی ۔ یہ پہل ابتداء میں جموں کشمیر کے گاندر بل اور اودھمپور اضلاع میں شروع کی جائے گی جہاں طلاب کو کیرئیر پر مبنی تعلیم حاصل کرنے سے متعلق رہنمائی کی جائے گی تا کہ وہ ابتدائی مرحلے میں ہی اپنے مستقبل کے پیشے سے متعلق مقاصد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہی اپنے پسند کی تدریسی ترجیحات کا انتخاب کر سکیں ۔ یہ اختراعی قدم نئی تعلیمی پالیسی2020 کے خطوط پر ہی اٹھایا گیا ہے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں کامیابی کیلئے دلچسپی کا ہونا کافی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم دستیاب ہونی چاہئیے تا کہ وہ مختلف شعبوں میں اپنے لئے ایک مقام پیدا کر سکیں ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ افتتاحی تقریب کے بعد گاندر بل اور اودھمپور میں پروگرام شروع کرنے کے موقعہ پر ایک تکنیکی سیشن منعقد کیا گیا ۔