عوامی رسائی کے پروگرام مؤ ثر اِنتظامیہ کا ایک اہم حصہ:بصیر خان | سرینگر میں شکایتی ازالہ کیمپ کے دوران متعدد وفودمشیر سے ملاقی

تاریخ    16 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا کہ عوام تک رسائی کے پروگرام کے اِنعقاد کا مقصد عوامی رائے کو مدنظر رکھ کرہی مفاد عامہ میں منصوبے اور حکمت عملی مرتب کر نا ہے۔مشیر نے اِن خیالا ت کا اِظہار کل یہاں لیفٹیننٹ گورنر شکایتی ازالے سیل چرچ لین سری نگر میں عوامی رابطے کے پروگرام کے دوران متعدد وفود اور اَفراد سے بات چیت کرنے کے دوران کیا۔اِس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی دہلیز تک گورننس لانا موجودہ اِنتظامیہ کا بنیادی مقصد ہے ۔مشیر نے کہا کہ اِس کے لئے ایک مؤثرشکایتی ازالہ طریقہ کار قائم کیا ہے جس پر مختلف سطحوں پر نگرانی کی جارہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ شکایتی ازالہ سیل حکومت کو ایک موقعہ فراہم کرتا ہے کہ وہ عوام کے مسائل اور شکایات کی زمینی  سطح پر جان سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی رسائی کے پروگرام مؤثر حکمرانی کا ایک اہم حصہ ہے اور یہ اپنے ہی اضلاع میں لوگوں تک پہنچنے کے لئے ایک قدم ہے۔بصیر خان نے کہا کہ لوگوں کی طرف سے درج شکایات کے ازالے کے لئے ایک موثر لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے اور ان شکایات کو متعلقہ حکام تک پہنچایا جارہا ہے تاکہ ان کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر عوامی اہمیت کے حامل مسائل کو دور کرنے کے خواہشمند ہیں اور شکایات سیل میں درج شکایات کے ازالہ پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔علمگیری بازار کے ایک وفد نے پبلک پارک کی توسیع سے متعلق مشیرکی مداخلت طلب کی۔اُنہوں نے  مطالبہ کیا کہ ان کے علاقہ میں ایک کمیونٹی ہال تعمیر کیا جائے۔رنگریٹ سے آئے ایک وفد نے ان کے علاقے میں آلودگی کی شکایت کی ۔ رنگریٹ سے صنعت نگر تک سڑک کی توسیع دینے کا مطالبہ کیا۔ جے کے ٹی ڈی سی کنٹریکٹرس ایسوسی ایشن کے وفد نے بلوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔اسی طرح ابوبکر ویلفیئر کمیٹی کے وفد نے اپنے علاقے میں پانی ، بجلی ، سڑکوں کو اَپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویولپمنٹ کے کیجول لیبروں نے ان کی ملازمتیں باقاعدگی بنانے کا مطالبہ کیا۔اس کے علاوہ دیگر وفود نے ہارٹیکلچر کی ترقی ، نوجوان اور خواہشمند تاجروں کو سہولیات کی فراہمی ، بنیادی سہولیات میں اضافہ ، قرضوں کی چھوٹ کے معاملات ، عوامی مقامات پر تجاوزات ، سنڈے مارکیٹ کو کھولنے کی اجازت اور دیگر معاملات مشیر کو گوش گزار کئے۔مشیرموصوف نے متعلقہ محکموں کے حکام کو موقعہ پر ہی چند معاملات بروقت حل کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔
 

تازہ ترین