ہیرا نگر میں شری ارون جیٹلی میموریل سپورٹس کمپلیکس کا ای سنگِ بنیاد

ارون جیٹلی کی ملک کی تعمیر کیلئے خدمات اور بھارتی سیاست میں اُن کا کردار مثالی تھا :لفٹینٹ گورنر

تاریخ    13 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


سرینگر //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا ، مرکزی وزیر مملکت آزادانہ چارج ، شمال مشرقی خطے کی ترقی ، وزیر اعظم کے دفتر میں ایم او ایس پرسنل عوامی شکایات و پینشن ، ایٹمی توانائی و خلاء ڈاکٹر جتیندر سنگھ ، اور مرکزی وزیر برائے نوجوان و کھیل کود شری کرن رجیزو نے آج مشترکہ طور ہیرا نگر میں شری ارون جیٹلی میموریل سپورٹس کمپلیکس کا ای سنگِ بنیاد رکھا ۔زائداز 270 کنال اراضی پر پھیلے اس کھیل کود کمپلیکس کی تعمیر پر وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت 58.23 کروڑ روپے صرف کئے جا رہے ہیں اور اس سے یونین ٹیر ٹری میں سپورٹس بنیادی ڈھانچے میں کافی بہتری آئے گی ۔ یہ بہترین اور جدید ترین سپورٹس کمپلیکس ہو گا جس میں قومی اور بین الاقوامی معیارکی کھیل کود سہولیت  دستیاب رہیں گی ۔ سپورٹس کمپلیکس قومی شاہراہ 44 کے نزدیک ہی تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ نہ صرف ہیرا نگر بلکہ پورے جموں کشمیر کی کھیل کود ضروریات پورا کرے گا اور یہاں قومی اور بین الاقوامی کھیل مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ شری ارون جیٹلی کو یاد کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ وہ ایک بہترین پارلیمانی رُکن ایک اعلیٰ پائے کے قانون دان اور دانشور تھے اُن کی انتظامی صلاحیتوں کیلئے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی تعمیر اور بھارتی سیاست میں اُن کا کردار مثالی رہا ہے ۔ ای سنگِ بنیاد میں لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ، مرکزی سیکرٹری برائے کھیل کود ، چیف سیکرٹری  بی وی آر سبھرامنیم ، سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس جے اینڈ کے  جبکہ ڈویژنل کمشنر جموں ، جو اعلیٰ افسران اور درجنوں سیاسی رہنماؤں اور پنچائتی راج اداروں کے ارکان کے ساتھ موقعہ پر موجود تھے اور آن لائین تقریب میں شرکت کی ۔ ارون جیٹلی کے اہلِ خانہ بشمول اُن کی اہلیہ محترمہ سنگیتا جیٹلی اور اُن کی دُختر نے بھی آن لائین طریقہ کار کے ذریعے تقریب میں شرکت کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حکومت ہند جموں کشمیر میں کھیل کود کو فروغ دینے کیلئے تمام بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ طور کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے پی ایم ڈی پی کے تحت 200 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 22 منظور شدہ سپورٹس کمپلیکس میں سے 8 پہلے ہی عوام کے نام وقف کئے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ پر کام سرعت سے جاری ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو ملک بھر میں کھیل کود سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے سراہا ۔ مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر  جتیندر سنگھ نے اپنے خطبے میں کہا کہ یہ سپورٹس کمپلیکس آنجہانی شری جیٹلی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس سے علاقے کے لوگوں کی  دیرینہ مانگ پوری ہو گی ۔ مرکزی وزیر برائے نوجوان و کھیل کود کرن رجیزو نے کہا کہ مرکزی کہ وزارت خطے میں کھیل کود صورتحال میں بہتری لانے کیلئے پُر عزم ہے ۔ واضح رہے کہ شری ارون جیٹلی میموریل سپورٹس کمپلیکس میں جدید ترین مصنوعی اتھلیٹک ٹریک ، مصنوعی ہاکی میدان ، مصنوعی گھاس والا فُٹ بال میدان ، کثیر المقاصد ہال ، سویمنگ پول ، کرکٹ میدان ، سکیٹنگ رنک، باکسنگ رنک ، ٹک شاپز اور دیگر بنیادی سہولیات ہوں گی ۔ خطے کے معروف کرکٹر متھن منہاس نے تقریب میں بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی ۔ 
 

تازہ ترین