رگھوناتھ ، رامیشور اور پنج بختر مندروں میں حاضری دی

تاریخ    8 ستمبر 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//لفٹینٹ گورنر گورنر منوج سنہا نے رگھوناتھ ، رامیشور اور پنج بختر مندروں میں حاضری دی اور وہاں شردھالوؤں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے مندروں میں حاضری دی اور جموں کشمیر یو ٹی کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے پرارتھنا کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے تاریخی رگھوناتھ بازار اور ریذیڈنسی روڈ علاقے کا پیدل دورہ کر کے مقامی لوگوں ، دکانداروں ، تاجر انجمنوں کے عہدیداران بشمول رگھوناتھ بازار ایسوسی ایشن اور کنک منڈی ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے کووِڈ 19 وباء کے سبب لوگوں اور تاجر طبقے کو درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ لوگوں کی آراء کو ایک جوابدہ اور فعال انتظامیہ کیلئے لازمی قرار دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے لوگوں کو آگے آ کر اپنے مسائل اور شکایات پیش کرنے اور انتظامیہ کی کارکردگی سے متعلق باقاعدگی سے اپنی رائے پیش کر کے ترقیاتی عمل میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے کہا ۔ مقامی لوگوں اور تاجر طبقے نے لفٹینٹ گورنر کے عوام دوست رحجان کو سراہتے ہوئے یو ٹی کے طول و ارض میں لوگوں تک پہنچنے اور اُن کے مسائل اور شکایات کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کیلئے اُن کی ستائش کی ۔ انہوں نے چند مانگیں پیش کیں جن میں جموں شہر کی دیدہ زیبی ، بڑے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل شامل ہے اور اُمید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت خطے کے سیاحتی خدو خال کو اجاگر کرنے کیلئے زیر تعمیر ترقیاتی پروجیکٹوں کی تکمیل بروقت یقینی بنائے گی جو خطے کے عوام کیلئے بالعموم اور تاجر طبقے اور نوجوانوں کیلئے بالخصوص سود مند ثابت ہو گا ۔ ڈویژنل کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں ، ڈپٹی کمشنر جموں ، ایس ایس پی جموں ، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن ، وائس چئیر پرسن جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ افسران اُن کے ہمراہ تھے ۔
 

تازہ ترین