تازہ ترین

بھاجپا جنرل سیکریٹری رام مادھوکی سرینگر آمد آج

پارٹی سے مشاورت ہوگی

تاریخ    27 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر//بھاجپا کے قومی جنرل سیکریٹری رام مادھو آج سرینگر کے دورے پر آرہے ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ رام مادھو جمعرات کی صبح سرینگر پہنچیں گے اور پارٹی ہیڈ کوارٹر میں کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ ذرائع نے کہا کہ  بی جے پی امور کشمیر کے انچارج وبودھ گپتا، جنرل سیکریٹری سنیل شرما اور جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن) اشوک کول بھی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔8جولائی کو بانڈی پورہ میں پارٹی کے سنیئر لیڈر وسیم باری کی والد اور بھائی سمیت ہلاکت کے بعد بھاجپا جنرل سیکریٹری کا یہ دوسرا دورہ وادی ہے۔پارٹی ذرائع نے کہا کہ رام مادھو میٹنگ کے دوران دفعہ370کی تنسیخ کے مابعد صورتحال پر پارٹی لیڈروں اورکارکنوں کے تاثرات اور آرا حاصل کریں گے۔رام مادھو کا دورہ سرینگر ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بی جے پی جموں کشمیر میں دفعہ370کی تنسیخ  کے ایک سال مکمل ہونے پر ایک ماہ تک چلنے والے پروگراموں کو چلا رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مادھو وادی کی مجموعی صورتحال اور کشمیر میں پارٹی کے کام کا ج کا بھی جائزہ لیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کارکنوں اور پنچایتی ممبران کی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے،اور انکی ممکنہ سلامتی کیلئے مزید اقدمات اٹھانے کیلئے پارٹی ہائی کمان کو بھی مطلع کریں گے۔پارٹی ترجمان الطاف ٹھاکر نے کہا ہے کہ پارٹی ہیڈ کوارٹر سرینگر میں میٹنگ منعقد ہوگی،جس میں پارٹی امورات پر تبادلہ خیال ہوگا۔انہوں نے کہا ’’ حالیہ ہلاکتوں کے بعد رام مادھو کے دورہ کا مقصد پارٹی کارکنوں اور لیڈروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے‘‘۔الطاف ٹھاکر نے کہا کہ میٹنگ میں پارٹی کارکنوں کی سلامتی اور سیکورٹی پر بھی بات کی جائے گی۔