تازہ ترین

جموں کیلئے ریاست کادرجہ مانگنے والے اپنا موقف واضح کریں:دلاور میر

ضلع کانگریس کمیٹی کشتواڑ اپنی پارٹی میں شامل

تاریخ    22 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//کشتواڑ میں کانگریس کے متعدد ارکان نے ضلع صدرموہندر سنگھ پریہار کی قیادت میں اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ پارٹی دفتر گاندھی نگر میں منعقدہ تقریب کے دوران سابق پرنسپل ڈسڑکٹ وسیشنز جج اشوک شان نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پارٹی ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق پارٹی دفتر پرایک تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں ضلع کانگریس کمیٹی کشتواڑ، یوتھ کانگریس لیڈران، نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیااور دیگرشخصیات نے جموں وکشمیر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ تقریب کا اہتمام اپنی پارٹی سینئرلیڈر سید اصغر علی نے کیاتھا۔ جنلیڈران اور کارکنان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ان میں ضلع کانگریس کمیٹی کشتواڑکے صدر موہندر سنگھ پریہار، ایگزیکٹیو ممبر محمد اسلم ملک، بلاک کانگریس کمیٹی صدر ترہگام کشتواڑ ماسٹر غلام محمد گنائی، نائب صدر ضلع کانگریس کمیٹی عبدالطیف چوہدری مائنارٹی ضلع صدر،نذیر احمد شیخ نسوئی ضلع صدر، عمر مینگنو جنرل سیکریٹری نسوئی کشتواڑ، ارشد وانی بلاک کانگریس کمیٹی نائب صدر مڑواہ، محمد عبداللہ، ضلع کانگریس کمیٹی ڈیلی گیٹ، محمد سکندر جنرل سیکریٹری پی پی یو، ایاز احمد زرگرسیکریٹری یوتھ کانگریس، عمیر مشتاق ، جگدیش راج رانا، ریٹائرڈ ڈی ایس پی غلام محمداور غلام نبی وازہ قابل ِ ذکر ہیں۔اس موقع پرپارٹی کے سینئر لیڈرمحمد دلاور میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں عوام کو درپیش مختلف امور پر پارٹی میں عملی اور مثبت سیاسی نقطہ نظر کی وجہ سے عوام جے کے اے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے رہنما جموں خطے کے لئے علیحدہ ریاست کے مطالبے کو اُجاگر کر رہے ہیں جو جموں و کشمیر علاقوں میں تقسیم کو مزید وسیع کرنے کے ان کے سیاسی مقصد کو ظاہر کرتا ہے۔دلاورمیر نے کہا ’’ہم ہمیشہ جموں و کشمیر کے دونوں خطوں کے مابین ریاست اور اتحاد کے لئے کھڑے ہیں، ہم کبھی بھی کسی خطے کے لئے ریاست کا بیان نہیں دیتے‘‘۔انہوں نے پارٹی قیادت سے اس بیان کے تناظر میں اپنا موقف واضح کرنے کو کہاکہ آیاوہ جموں و کشمیر کی مزید تقسیم چاہتے ہیں یا ان کے بیانات کا مقصد کیا تھا۔