تازہ ترین

ہیرانگر میں شلنگ ،متعدد مکانات مارٹر گولوں کا نشانہ بنے | شاہراہوں پر اور سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ

تاریخ    15 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


سید امجد شاہ
جموں//پاکستانی رینجرز نے کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر میں فائرنگ اور گولہ باری کی جس دوران کئی رہائشی گھر بھی اس کی زد میں آئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی رینجرز نے چھن ٹنڈا گاوں پر صبح کے اوقات میں اچانک فائرنگ اور گولہ باری کی۔حکام نے بتایا ’’پاکستانی فوج نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانے کے لئے مارٹر گولوں اور بھاری مشین گنوں کا استعمال کیا‘‘۔تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ اوپی بھگت نے بتایاکہ گولہ باری سے رہائشی مکانات کو نقصان پہنچاہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے مزید بتایا’’پاکستانی رینجرز نے سویلین علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے اشتعال انگیزفائرنگ کردی‘‘۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جب فائرنگ شروع ہوئی تو وہ سو رہے تھے جس دوران گولیاں ان کی دیواروں کو ٹکرائیں۔ گاوں کے ایک رہائشی نے بتایا ’’یہ خوفناک لمحہ تھا جب گولہ باری سے بہت سے گھروں کو نشانہ بنایا گیا‘‘۔