پولیس پر حملے کے بعدشہر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی

تاریخ    15 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر//نوگام حملے کے بعدوادی میں15اگست کے پیش نظر سیکورٹی کو مزید سخت کیا گیا ہے،جبکہ اہم مقامات کے گردو نواح میں سیکورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ نوگام میں جنگجویانہ حملے کے بعد سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں سیکورٹی کو مزید متحرک کیا گیا اور گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ تیز کیا گیا۔آئی جی کشمیر کا کہنا ہے کہ ایجنسیوں کو یہ معلومات ملی ہے کہ جنگجو کسی بھی جگہ حملہ کرسکتے ہیں۔شہر میں جگہ جگہ ناکے لگائے گئے اور راہگیروں و گاڑیوں کی چکینگ کی گئی۔ لال چوک کو پہلے ہی سیل کیا گیا ہے جبکہ جمعہ کو شہر سرینگر میں ہر طرح کے کاروباری و تجارتی مراکز بند تھے، گاڑیاں بہت کم دیکھی گئیں۔ وادی میں15 اگست کے حوالے سے بڑی اور مرکزی تقریب سونہ وار کے کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی،جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پرچم کشائی کریں گے جبکہ مارچ پاسٹ پر سلامی لینگے۔ کرکٹ اسٹیڈیم کو فوجی چھانی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس جانب جانے والے تمام راستوں کو پہلے ہی سیل کیا گیا ہے۔ ڈرئون کیمروں سے بھی نگرانی کی جارہی ہے۔
 

تازہ ترین