تازہ ترین

کورونا مہلوکین کی تعداد500

بدھ کو10افراد کی موت واقع،مزید482 معاملات مثبت، متاثرین کی مجموعی تعداد 26413کے قریب

تاریخ    13 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


پرویز احمد
سرینگر // جموں کشمیر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 26000 سے متجاوز ہوگئی ہے۔بدھ کو مزید 10افراد کی موت کے ساتھ ہی مہلوکین کی تعداد500 جبکہ مزید 482معاملات مثبت سامنے آئے تاہم544افراد صحت یاب بھی ہو چکے ۔ ادھر ضلع سرینگر مسلسل مثبت کیسوں اور اموات میں سر فہرست ہے ۔تازہ اموات کا تعلق سرینگر، کپوارہ، بارہمولہ،بانڈی پورہ، گاندربل سے ہے۔ ابتک کورونا مہلوکین میں سے 37جموں جبکہ463کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ بدھ کو بیرون ریاست سے آنے والے59افراد سمیت 544افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح متاثرین کی مجموعی تعداد26413ہوگئی ہے۔ ان میں سے 5952 جموں جبکہ20461کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ تازہ 482 متاثرین میں سے 88سرینگر، 26بارہمولہ، 52پلوامہ، 17 کولگام، 1شوپیان، 53اننت ناگ، 29بڈگام، 42 کپوارہ،29بانڈی پورہ،39گاندربل، 42جموں،4 راجوری،5رام بن،14کٹھوعہ،2ادھمپور، سانبہ4 ،7ڈوڈہ،16پونچھ اور7ریاسی اور کشتواڑ سے5 تعلق رکھتے ہیں۔ 

اموات

وادی کشمیر میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ بحرانی صورتحال کے بیچ بدھ کومختلف اسپتالوں میں زیر علاج رہنے کے دوران مزید10 افراد کی جانیں گئیں۔مرنے والوں میں لال بازار کا 70سالہ شخص،65سالہ شخص نواب بازار کا ،68سالہ شخص رعناواری اور 62سالہ خاتون عید گاہ شامل ہے۔ان میں سے 3صدر اسپتال اور ایک سکمز میں فوت ہوا۔ کپوارہ کے 2 مہلوکین کا تعلق کرالہ گنڈ  سے ہے۔ان میں ایک 70سالہ شخص اور 40سالہ استاد شامل ہیں، جو صدر اسپتال میں داخل تھے، جہاں انکی موت واقع ہوئی۔مرنے والوں میں بارہمولہ ضلع کے 2 شہری بھی شامل ہیں۔ان میں25سالہ نوجوان ڈنگی وچھہ رفیع آباد اور سوپور کا85سالہ شخص شامل ہے ۔ان میں 25سالہ نوجوانسکمز صورہ اور معمر شخص جی ایم سی بارہمولہ میں فوت ہوا۔ آلسٹینگ گاندربل کا بھی ایک شہری فوت ہوا۔مذکورہ شخص کی عمر 60برس تھی اور سکمز میں داخل کیا گیا تھا۔بگتور گریز بانڈی پورہ کا ایک65سالہ شہری بھی مہلوکین میںشامل ہے۔ جو صدر اسپتال میں فوت ہوا۔

حکومتی بیان

نوول کورونا وائرس کے26413معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے7392 سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک18523اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد499تک پہنچ گئی ہے ،جن میں سے 462کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور37کاتعلق جموں صوبہ سے ہے۔اِس دوران منگل کو مزید544 شفایاب ہوئے جن میںجموں صوبے کے88اور کشمیر صوبے کے 456اَفراد شامل ہیں۔ اَب تک750847ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے  12؍اگست2020ء کی شام تک 724434نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔
 

جموں میں  آئی پی ایس افسر کا ٹیسٹ مثبت، اسپتال منتقل

جموں//جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ایک انڈین پولیس سروسز (آئی پی ایس) افسر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔  انہیں نارائنا سپر سپیشلٹی ہسپتال کٹرہ منتقل کر کے علاحدہ وارڈ میں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔ موصوف افسر کے ساتھ تعینات ایک پولیس اہلکار کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کو بھی، ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد، اسی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔