تازہ ترین

کمرازی پورہ پلوامہ میں مسلح تصادم| جنگجو اور فوجی اہلکار ہلاک

ہائیگام سوپور میں کار سوار جنگجوئوں کی ناکہ پارٹی پر فائرنگ، فوجی زخمی

تاریخ    13 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


شاہد ٹاک +غلام محمد
پلوامہ+سوپور// کامرازی پورہ  پلوامہ اور ہائیگام سوپور میں مسلح تصادم آرائیوں اور حملوں کے دوران ایک جنگجو اور ایک فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ 2اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ ضلع پلوامہ کے کامرازی پورہ کارہ پورہ ڈیم کے نزدیک53آر آر کی ایک گشتی پارٹی اور جنگجوئوں کے درمیان منگل اور بدھ کی درمیانی شب قریب 2بجے گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا تاہم اسکے بعد دونوں طرف سے خاموشی رہی۔صبح سویرے فائرنگ کے مقام سے ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی گئی جس کی شناخت بعد میں آزاد لیلہاری ساکن لیلہار کاکہ پورہ کے بطور کی گئی۔جبکہ تصادم آرائی میں فوج کے 2اہلکار زخمی ہوئے تھے جن میں سے بعد میں ایک اہلکار بادامی باغ فوجی اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔باور کیا جارہا ہے کہ رات کی تاریکی کے دوران ممکنہ طور دیگر جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔بدھ کی صبح جنگجو کی لاش بر آمد کرنے کے بعد گائوں کا بڑے پیمانے پر آپریشن جاری رکھا گیا اور تلاشیاں لیں گئیں لیکن کوئی قابل اعتراض چیز بر آمد نہیں ہوئی۔بعد دوپہر آپریشن ختم کیا گیا۔جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آزاد لیلہاری ایک جنگجو کمانڈر تھا۔انہوں نے بتایاآزاد جموں و کشمیر پولیس کے اہلکار انوپ سنگھ کی ہلا کت میں ملوث تھا جس نے 22مئی2020کوپرچھو پلوامہ میں انہیں گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔ڈی جی پی نے بتایا مزکورہ جنگجو6ایف آئی آر میں پولیس کو مطلوب تھا ۔پولیس نے بتایا آزاد پہلے جنگجوئوں کے بالائی ورکر کے طور کام کرتا تھاجس دوران انہیں پی ایس اے کے تحت جیل بھیج دیا گیا۔اس دوران رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوا۔ پولیس بیان کے مطابق کووڈ کی وجہ سے جنگجو کی لاش کو بارہمولہ بھیج دیا جائیگا۔ لاش کے طبی لوازمات اور ڈی این اے بھی کیا جائیگا۔
سوپور
 سوپور کے ہائیگام گائوں میں سوپور سرینگر شاہراہ پر بدھ بعد دوپہر اس وقت افرا تفری پھیل گئی جب ایک کار میں سوار جنگجوئوں نے فوج کی ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی۔واقعہ میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔ ہائیگام کراسنگ پر تعینات 15 گڑھوال یونٹ کی ناکہ پارٹی پر جنگجووں نے گولیاں چلائیں جس میں روشن سنگھ نامی ایک فوجی اہلکارزخمی ہوا۔ اگر چہ فورسز نے جوابی کارروائی کی لیکن کار میں سوار حملہ آور جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال نے بتایا ہے کہ حملہ میں فوجی اہلکار زخمی ہوا اور حملے کے بعد پورے علاقے کو فورسز نے محاصرے میں لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔
 

ہندوارہ کا جنگجو حاجن میں گرفتار

بانڈی پورہ میں 3معاونت کار گرفتار

عازم جان+
 
بانڈی پورہ//فورسزنے شمالی کشمیر میں ایک سرگرم جنگجوکی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ فورسز نے کہا ہے کہ بانڈی پورہ ضلع کے حاجن علاقے میں 13آر آر  اور پولیس اہلکاروں نے ایک مشترکہ کارروائیوں کے دوران لشکر سے وابستہ جنگجو کی گرفتاری عمل میں لائی۔پولیس نے جنگجو کی شناخت  عاقب احمد راتھرساکن سہی پورہ کرالہ گنڈ ہندوارہ کے طور ہوئی ہے۔مذکورہ نوجوان 27جون سے لاپتہ تھا۔اس دوران ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بانڈی پورہ میں پولیس نے جنگجوئوں کی معاونت کرنے والے تین نوجوانوں کو گرفتار کیا اور ا ن کی تحویل سے 5لاکھ روپے برآمد کئے گئے۔ گرفتار شدگان میں ایک کپوار، ایک سوپور اور ایک بانڈی پورہ کاہے۔