’شفافیت پر مبنی ٹیکس- ایماندار کا احترام‘،وزیر اعظم مودی آج پلیٹ فارم لانچ کریں گے

تاریخ    13 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ‘شفافیت پر مبنی ٹیکس- ایماندار کا احترام’ کے لئے پلیٹ فارم لانچ کریں گے ۔ سرکاری معلومات کے مطابق وزیر اعظم ‘ شفافیت پرمبنی ٹیکس - ایماندار کا احترام’ کے لئے جو پلیٹ فارم لانچ کریں گے وہ ڈائریکٹ ٹیکس اصلاحات کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا ۔ محکمہ انکم ٹیکس کے افسروں اوراعلیٰ افسروں کے علاوہ مختلف چیمبرز آف کامرس ، تجارتی ایسوسی ایشنز اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ ساتھ بڑے ٹیکس دہندگان بھی اس تقریب میں حصہ لیں گے ۔ اس موقع پر وزیر برائے خزانہ اور کارپوریٹ امور نرملا سیتارمن اور وزیر مملکت برائے خزانہ اور کارپوریٹ امور انوراگ سنگھ ٹھاکر بھی موجود رہیں گے ۔سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) نے حالیہ برسوں میں ڈائریکٹ ٹیکسوں میں کئی بڑی ٹیکس اصلاحات کیں ہیں ۔ گذشتہ سال کارپوریٹ ٹیکس کی شرح 30 فیصد سے کم کر کے 22 فیصد کردی گئی اور نئے مینوفیکچرنگ یونٹوں کے لئے یہ شرح مزید 15 فیصد کردی گئی تھی۔ ‘منافع تقسیم ٹیکس’ بھی ختم کردیا گیا۔ ٹیکس اصلاحات کے تحت ٹیکس کی شرحوں میں کمی کرنے اور ڈائریکٹ ٹیکس قوانین کو سہل کرنے پر توجہ دی جارہی ہے ۔ محکمہ انکم ٹیکس کے کام کاج کی کارکردگی اور شفافیت لانے کے لئے سی بی ڈی ٹی کی جانب سے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔حال ہی میں شروع کئے گئے ‘ دستاویز شناختی نمبر ( ڈی آئی این ) کے ذریعے سرکاری کموینیکیشن میں زیادہ شفافیت لانا بھی ان اقدامات میں شامل ہے جس کے تحت محکمہ کے ہر کموینیکیشن یا خط و کتابت پر کمپیوٹر سے تیار کردہ ایک انوکھا دستاویز شناختی نمبر ہوتا ہے ۔اسی طرح ٹیکس دہندگان کے لئے تعمیل کو زائد آسان بنانے کے لئے انکم ٹیکس محکمہ نے اب ‘پہلے سے بھرے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم ’ متعارف کرا رہا ہے ، تاکہ انفرادی ٹیکس دہندگان کے لئے تعمیل کو مزید آسان بنایا جاسکے ۔ اسی طرح ، اسٹارٹ اپ کے لئے تعمیل کے اصولوں کو بھی آسان بنایا گیا ہے ۔ زیر التواء ٹیکس تنازعات کے حل کے مقصد سے محکمہ انکم ٹیکس نے ڈائریکٹ ٹیکس ‘تنازعہ سے اعتماد 2020’ بھی لایا ہے جس کے تحت فی الحال تنازعات کو حل کرنے کے لئے اعلامیہ جاری کیا جارہا ہے ۔یواین آئی ۔
 

تازہ ترین