تازہ ترین

جنم اشٹمی پر تقریبات نہ ہوسکیں،زینہ دار محلہ سے جلوس نہیں نکالا گیا

تاریخ    12 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
سری نگر//یو این آئی //کورونا وبا اور اس کے پیش نظر نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وادی کشمیر میں منگل کے روز جنم اشٹمی کے موقع پر روایتی تقریبات منعقد نہ ہوسکیں۔تاہم عقیدت مندوں نے ایک ایک کر کے نزدیکی مندروں میں حاضر ہو کر انفرادی طور پر پوجا کی اور دعائیں مانگیں۔بتادیں کہ کرشنا جنم اشٹمی ہندوؤں کا ایک سالانہ تہوار ہے۔ اس دن کو وشنو کے آٹھویں اوتار کرشن بھگوان کے جنم دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔زینہ دار محلہ حبہ کدل سری نگر میں واقع ایک مندر کے پجاری ایم ایل داس نے میڈیا کو بتایا کہ جب سے دفعہ 370 ہٹا تب سے ہم مشکلات میں ہیں۔انہوں نے کہا: 'جب سے دفعہ 370 ہٹا ہم تب سے مشکلات میں ہیں، یہاں کوئی نہیں آتا ہے، ہم یہاں پہلے جنم اشٹمی پر جلوس بھی نکالتے تھے'۔موصوف نے کہا کہ کورونا وبا ہمیں اپنے ہی گناہوں کی سزا ہے اگر ہم بھگوان کے اصولوں کو اپنائیں گے تو یہ سب ختم ہوگا۔ایک عقیدت مند نے کہا کہ اس سال کورونا کی وجہ سے مندروں میں جنم اشٹمی کے موقع پر پوجا کی اجتماعی تقریبات ممکن نہیں ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ تاہم ایک ایک کر کے لوگ اپنے نزدیکی مندروں میں حاضر ہوئے اور پوجا کی اور دعائیں مانگیں۔ یو این آئی