نیشنل کانفرنس لیہہ یونٹ بی جے پی میں ضم

تاریخ    11 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


 لیہہ//یواین آئی// لداخ یونین ٹریٹری میں نیشنل کانفرنس کے لیہہ یونٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی ہے۔پارٹی کے ہیڈکوراٹر پرمنعقدہ ایک سادہ تقریب کے دوران یہاں نیشنل کانفرنس کے قریب 66 کارکنوں بشمول کونسلر پی وانگڈن شونو نے 'بھارت ماتا کی جے' کے نعروں کی گونج میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔تقریب کی صدارت بی جے پی کے رکن پارلیمان اور یونین ٹریٹری لداخ کے صدر جمیانگ سیرنگ نمگیال نے کی۔اس موقع پر نمگیال نے کہا،’’آج کا دن بی جے پی اور لداخ  کے لئے تاریخی دن ہے جب نیشنل کانفرنس کے پورے لیہہ یونٹ نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور اس طرح یہاں این سی کا صفایا ہوگیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی لداخ کی تعمیر و ترقی اور بہبودی کے لئے پر عزم ہے اور لداخ کی خوشحالی کے لئے مودی سرکار کی طرف سے کئے جانے والے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا اور اس سلسلے میں پہلے ہی کئی انقلابی نوعیت کے اقدام کئے جا رہے ہیں۔کونسلر پی وانگڈن شونو نے کہا کہ مجھے پندرہ روز قبل تحلیل ہونے والے نیشنل کانفرنس کے یونٹ کا بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نمگیال اور بی جے پی کے ہاتھوں کو مضبوط بنانے کے لئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔موصوف نے کہا کہ بی جے پی نے جو کچھ  لداخ کے لئے گذشتہ چھ برسوں کے دوران کیا باقی حکومتیں وہ چالیس برسوں کے عرصے کے دوران بھی کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ اتفاق رائے سے لیا ہے اور یہ فیصلہ ذاتی مفادات کے لئے نہیں بلکہ لداخ کے لوگوں کی بہبودی کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ نیشنل کانفرنس کے لیہہ یونٹ نے حال ہی میں ایک جنرل باڈی اجلاس کے دوران باڈی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ 

تازہ ترین