تازہ ترین

کشمیر پراقوام متحدہ قرارداد امن کی کنجی

معاونت کاکردار ادا کرنے کیلئے تیار: بوزکیر

تاریخ    11 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
اسلام آباد//اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے منتخب صدر وولکان بوزکیر نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر تنازع کی قراردار جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کنجی ہے۔پاکستان کا دورہ کرنے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی اور سفارتی ذرائع سے علاقائی سیکورٹی کو برقرار رکھنا چاہیے اور مشکل چیلنجز کو بات چیت اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔بوزکیر نے کہا کہ آج ہونے والی گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس تنازع پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا اور اگر فریقین نے اس معاملے میں میری معاونت کی درخواست کی تو میں اپنے مینڈیٹ کے مطابق کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔منتخب صدر نے کہا کہ ہمیں مختلف ملکوں میں جاری تنازعات میں بڑے انسانی بحرانوں کا سامنا ہے اور اب ہمیں کورونا وائرس کی وبا کی شکل میں عالمی بحران اور چیلنج کا سامنا ہے، یہ ایک ہیلتھ ایمرجنسی ہے بلکہ اس کے ہمارے معاشرے اور معیشت پربھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔