کرشنا گھاٹی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش | ایک جنگجو ہلاک ، 2 زخمی:دفاعی ترجمان

تاریخ    10 اگست 2020 (30 : 01 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر//بھارتی فوج نے پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں مسلح جنگجوئوں کے ایک گروپ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے جس دوران جھڑپ میں ایک جنگجو ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیونندر آنند نے اپنے ایک بیان میں بتایاکہ 7اگست کو جنگجوئوں کا ایک گروپ ضلع پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں کنٹرول لائن کے اندر گھسنے کی کوشش کر رہا تھا،تاہم فوج کے مستعددستوںنے ان جنگجوئوں کا پتہ لگایا اور انہیں فوری طور پرآگے بڑھنے سے روک دیاگیا جس دوران ایک جنگجو ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ تاہم جائے وقوعہ سے جنگجو کی نعش کو گھسیٹ کر سرحد پار منتقل کردیاگیا۔بیان کے مطابق ’’واقعہ کی جگہ سے ایک اے کے 47رائفل ، دو اے کے 47 میگزین اور کچھ کھانے پینے کی اشیاء برآمد ہوئی ہیں‘‘۔دریں اثناء ہندوپاک افواج کے درمیان پونچھ ضلع کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیونندر آنند نے بتایا کہ اتوار کی شام تقریبا 5:50 منٹ پر پاکستان نے ضلع پونچھ کے شاہپور ،کیرنی اور کرشنا گھاٹی سیکٹروں میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور چھوٹے ہتھیاروں و مارٹروں سے گولہ باری کی۔
 

تازہ ترین