تازہ ترین

رکھ آرتھ کیلئے علیحدہ مونسپل کمیٹی کی تشکیل

صوبائی کمشنر کی ایک ہفتے میںڈی پی آر مکمل کرنے کی ہدایت

تاریخ    9 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


 سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر نے کل سرینگر کے رکھ آرتھ علاقے میں فاسٹ ٹریک بنیادوںپر ترقی کیلئے علیحدہ مونسپل کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ لیا ۔ ڈویژنل کمشنر پی کے پولے نے یہ بات موجودہ ترقیاتی کاموں کی رفتار اور پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ رکھ آرتھ ہاؤسنگ کالونی کو میونسپل کمیٹی کی حیثیت سے تشکیل دینے کے لئے کام کا آغاز کریں تاکہ وہ مقامی لوگوں کی بہتر نمائندگی کریں ۔رکھ آرتھ میںڈل کے باشندوں کی بحالی کے لئے پلاٹوں کی بروقت ترقی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتہ کے عرصے میں ترمیم شدہ ڈی پی آر کو مکمل کرے اور اس کے تحت تمام منصوبوں پر کام پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ 28 اگست تک ہاؤسنگ کالونی کی حد بندی کے عمل کو مکمل کریں۔ صوبائی کمشنر نے غیر قانونی طور پرپلاٹوں کوفروخت کرنے یا کرایہ پر دینے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ اس رجحان کو سختی سے روکیں اور اس بات کا یقین کریں کہ اصل مالکان کی طرف سے اس طرح کی منتقلی نہ کی جائے۔ انہوںنے مکینوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ٹیوب ویلوں پر باقی بچاکام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کالونی میں صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے پر زور دیا اور  10 اضافی خاکروبوں کے عملے کو تعینات کرنے اور ٹھوس کچرے کے مواد کو ضائع کرنے کے لئے اضافی کوڈے داں لگانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے نکاسی آب کے رابطوں پر کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور متعلقہ حکام سے نکاسی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پی ڈی ڈی حکام کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کالونی کو شیڈول بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔پولے نے متعلقہ حکام  کو ہدایت دی کہ وہ اس سال نومبر تک پرائمری ، مڈل اور ہائی اسکول کے تعمیراتی کام کو یقینی بنائیں۔