ہسپتالوں میں آکسیجن کیلئے ہاہاکار

سنبھل جائیں ،سدھر جائیں ،نہیں تو مٹ جائیں!

تاریخ    8 اگست 2020 (00 : 02 AM)   


جموںوکشمیر خاص کر وادی ٔ کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعدادجوں جوں بڑھتی چلی جارہی ہے ،ہمارے ہسپتالوں میں مسائل اُسی لحاظ سے شدید سے شدید تر ہوتے جارہے ہیںاور تازہ اطلاعات یہ ہیں کہ سرینگر شہر کے بڑے ہسپتالوں میں آکسیجن سپلائی کا سنگین بحران پیدا ہوچکا ہے۔گوکہ شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ اور صدر ہسپتال سرینگر نامزد کووڈ ہسپتال نہیں لیکن اب حالت یہ ہے کہ ان دونوں ہسپتالوں میں نصف کے قریب بیڈ کووڈ مریضوںکیلئے مخصوص رکھے گئے ہیں اور کم و بیش سبھی بسترے زیر استعمال ہیں۔
صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ کی ایمر جنسی میں جو مریض داخل ہوکر کورونا پازیٹیو قرار پاتے ہیں ،وہ کئی کئی روز تک ایمر جنسی میں ہی غیر کووڈ مریضوں کے ساتھ داخل رہتے ہیں، جس کی وجہ سے عام مریضوں اور تیمارداروں کے کورونا سے متاثر ہونے کا خدشہ ہمہ وقت لگا رہتا ہے ۔ایمر جنسی میں کئی کئی روز تک داخل ہونے کی وجہ بستروں یا جگہ کی کمی نہیں بلکہ آکسیجن سپلائی سے مربوط بیڈوں کی قلت ہے ۔ہسپتال میں جو بھی کورونا مریض داخل ہورہے ہیں،انہیں آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے لیکن حالت یہ ہے کہ ہسپتال میں اب آکسیجن بیڈ دستیاب ہی نہیںہیں۔ انداز ہ لگائیں کہ کم و بیش نو سو بستروں پر مشتمل صورہ ہسپتال میں تقریباً300بسترے اب کووڈ مریضوں کیلئے مخصوص رکھے گئے ہیں اور وہ سبھی زیر استعمال ہیںتاہم ان میں سے آکسیجن سپلائی سے مربوط بستروں کی تعداد محض180ہے جبکہ دیگر بیڈوں کے لئے آکسیجن سلینڈر استعمال کئے جارہے ہیںاور وہ بھی محدود ہی ہیں۔یہ کہنے کی باتیں نہیں ہیں۔اندازہ لگائیں کہ صورہ انسٹی چیوٹ جیسے بڑے ہسپتال میں جہاں تین آکسیجن پلانٹوں میں فی منٹ3200لیٹر آکسیجن پیدا واری صلاحیت ہے ،وہاں آکسیجن کم پڑرہا ہے حالانکہ اس کے علاوہ450آکسیجن سلینڈر بھی دستیاب ہیں لیکن وہ بھی ناکافی لگ رہے ہیں کیونکہ مریض زیادہ ہیں اور سلینڈر ختم ہونے میں دیر نہیں لگتی ہے اور اب ایک جدوجہدہے جو جاری ہے تاکہ سبھی مریضوںکو آکسیجن ملے لیکن اس عمل میںتاخیر بھی ہوتی ہے کیونکہ دستیابی ہی نہیں ہے۔
صدر ہسپتال کے بارے میں اگر چہ اعداد وشمار قدرے بہتر ہیں لیکن زمینی صورتحال وہاںبھی انتہائی خراب ہے ۔اس ہسپتال میں بھی اب 250کے قریب بسترے کووڈ مریضوں کیلئے مخصوص ہیں اور سب کے سب زیر استعمال ہیں۔ان میںسے180بستروں کو آکسیجن سپلائی دستیاب ہے جبکہ800سلینڈر بھی میسر ہیں لیکن حالت یہ ہے کہ وہاں بھی مریض آکسیجن کو ترس رہے ہوتے ہیں اور گھنٹوں تک انہیں آکسیجن کے بغیر گزارہ کرنا پڑتا ہے اور جو 180بستروں کے ساتھ آکسیجن پورٹ میسر بھی ہیں ،ان میںسے درجنوں خراب ہیں اور جن میں سپلائی چل بھی رہی ہے، وہاں آکسیجن کا بہائو اس قدر کم ہوتا ہے کہ وہ مریضوں کیلئے سود مند ثابت نہیںہورہا ہے۔جانکار حلقے کہتے ہیں کہ اس وقت آکسیجن کی طلب میں پانچ گنا زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔
ضلعی ہسپتالوں کا تو خدا ہی حافظ ہے ۔وہاں سہولیات کا فقدان ہے اور آکسیجن کی ضرورت رکھنے والے سبھی مریض سرینگر پہنچ رہے ہیں کیونکہ وہاں آکسیجن یا تو سرے سے ہی میسر نہیں ہے یا اگر میسر ہے بھی تو وہ چند سلینڈروں تک ہی محدود ہے۔اب حکومت کی جانب سے5000آکسیجن سلینڈر خریدے جارہے ہیں جو بیشتر کشمیر صوبہ کے ہسپتالوں کو ملیں گے کیونکہ طلب کشمیر میں ہی زیادہ ہے جبکہ اس کے علاوہ کشمیر کے 8اورجموں کے 3ہسپتالوں میں آکسیجن سپلائی کو اپ گریڈ کیاجارہا ہے تاہم یہ فوری طور ممکن نہیں ہے اور نئے آکسیجن پلانٹ لگانے میں مہینو ں لگ جائیں گے ۔اس کو آگ لگنے پر کنواں کھودنا کہتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ بار بار یہ الزام لگ رہا ہے کہ انتظامیہ نے تیاری کے چار ماہ ضائع کئے اوراب جب پانی سرسے اوپر جا چکا ہے تو ہم بیچ بچائو کرنے لگے ہیں جو اگر ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔
بہر کیف حکومتی لاپرواہی سے ہرگز انکار نہیں ،لیکن یہ صورتحال ہمارے لئے بھی لمحۂ فکریہ ہونی چاہئے اور عوام کو سوچنا چاہئے کہ آخر ہم کہاں جارہے ہیں۔ظاہر ہے کہ کووڈ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ میں عوام کی لاپرواہی کا بڑا ہاتھ ہے ۔اگر ہم نے کورونا کو خود دعوت نہ دی ہوتی تو شاید ہسپتالوں میں اب یوں کہرام نہ مچ چکا ہوتا ۔ابھی بھی وقت ہے کہ ہم ہوش کے ناخن لیں اور اپنے پیروں پر کلہاڑی مارنے کی بجائے اپنے اور باقی لوگوںکو بچانے کی کوششیں کریں اور بچائو صرف اسی صورت میں ممکن ہے کہ ہم ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُن رہنما خطوط پر عمل کریں جو کووڈ کے بچائو کیلئے وضع کئے گئے ہیں ورنہ آنے والے دنوں میں صورتحال اس سے کہیں زیادہ بھیانک ہوسکتی ہے اور اُس وقت ہمارے پاس پچھتاوے کے سوا کچھ نہ ہوگا۔
 

تازہ ترین